مرگی جادو یا آسیب نہیں ، دوسرے امراض کی طرح ایک قابل علاج مرض ہے،ڈاکٹر فوزیہ صدیقی

ادویات کی عدم دستیابی مریضوں کیلئے بڑا مسئلہ ہے جس پر قابو پانا بے حد ضروری ہے، ڈاکٹر عاطف سعید انجم پرپل ڈے‘‘ کے موقع پر ’’ایپی لیپسی فائونڈیشن پاکستان‘‘ کے تحت گلشن اقبال ، کراچی میں ’’مرگی آگاہی پروگرام ‘‘ کا انعقاد

منگل 26 مارچ 2019 20:12

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2019ء) ایپی لیپسی فائونڈیشن پاکستان کی صدر نیورولوجسٹ اور ماہر امراض مرگی ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہا ہے کہ ’’ پرپل ڈے‘‘ کو ایک عالمی تقریب کی حیثیت حاصل ہے اور اس کے منانے کا مقصد مرگی کے مرض کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا ہے۔ ’’پرپل ڈے‘‘ کا تصور کیسیڈی میگن نے دیا تھاجس کا مقصد دنیا بھر کے لوگوں کو مرگی کے مرض کے بارے میں آگاہی دینے کیلئے یکجا کرنا تھااور اس کی بنیاد 2009 ء میں انیتا کافمین فائونڈیشن نے رکھی۔

پاکستان میں ’’پرپل ڈے‘‘ کے موقع پر ’’ایپی لیپسی فائونڈیشن پاکستان‘‘ کے تحت گلشن اقبال، کراچی میں سرلے فارما کے تعاون سے ’’مرگی آگاہی پروگرام ‘‘ کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر فوزیہ صدیقی اوراین آئی سی ایچ کے ڈاکٹر عاطف سعید انجم نے مریضوں کا مفت طبی معائنہ بھی کیا ۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر فوزیہ نے کہا کہ ایپی لیپسی فائونڈیشن کے تحت مرگی کے مستحق مریضوں کی فہرست بنا کر انہیں مفت ادویات فراہم کرنے کا بدوبست بھی کیا جائے گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ مرگی جادو ٹونہ یا آسیب نہیں بلڈپریشر ، شوگراور دوسرے امراض کی طرح مرگی بھی ایک عام جسمانی مرض ہے۔ دنیا میں ہر 100 افراد میں سے ایک مرگی کا مریض ہے ۔ایک سروے کے مطابق کراچی میں ایک لاکھ افراد مرگی سے متاثر ہیں۔ جن میں سے صرف ایک چوتھائی معالجین سے رابطہ کرتے ہیں۔ مرگی کے مرض سے متعلق غلط تصورات بھی علاج کی راہ میں رکاوٹ ہیںحالانکہ باقاعدہ علاج سے اس مرض سے چھٹکارا پانے کے 70 فیصد چانس موجود ہوتے ہیں۔

انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں مرگی کے مریضوں کی9.8 فیصد کے ساتھ پورے ایشیا میں سب سے زیادہ ہے۔پاکستان میں مرگی کے مرض کا علاج اور ادویات دوسرے ممالک کی نسبتاًًزیادہ مہنگی ہیں جوکہ علاج میں رکاوٹ بننے کا سبب بن جاتا ہے۔ حکومت، معا لجین اور مددگار اداروں کو مرگی کے مناسب علاج اور بحالی کے لئے مریضوں پر خصوصی توجہ دینا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ مرگی کے مرض میں مبتلا بچے عام اسکول میں پڑھ سکتے ہیں۔ وہ پوری طرح ذہین، کامیاب اور خودمختار بن کر زندگی گذار سکتے ہیں جیسے کہ میں اور آپ ۔یہ ضروری ہے کہ مرگی کے مریضوں کے ساتھ اچھا برتائو کیا جائے تاکہ وہ احساس کمتری میں مبتلا نہ ہوں۔ ڈاکٹرعاطف سعید انجم نے کہا کہ علاج کیلئے مرض کی صحیح تشخیص ضروری ہے۔مرگی کے مرض کے علاج کیلئے بھی ضروری ہے کہ مریض صحیح معالج تک پہنچے۔

انہوں نے کہا کہ ادویات کی عدم دستیابی مریضوں کے لئے ایک بڑا مسئلہ ہے جس پر قابو پانا بے حد ضروری ہے۔ اس موقع پر سرلے فارما نے نسوں کا ٹیسٹ کرنے اور پرپل ڈے کی مناسبت سے مریضوں میں گفٹ ہیمپر بھی تقسیم کئے۔مرگی کے مریضوںنے علاج معالجے میں مشکلات پیش آنے والی صورتحال کو شیئر کرنے کے حوالے سے سوال و جواب کی نشست کے دوران سب سے زیادہ ادویات کی عدم دستیابی کی شکایات کیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں