ڈاکٹر عافیہ کی والدہ کی رہائش گاہ پرنماز تراویح میں ختم قرآن ، خصوصی بیان اور اجتماعی دعا کی تقریب

ڈاکٹر عافیہ کے صاحبزادے حافظ احمدنے 20 روزہ نماز تراویح میں قرآن مجید مکمل کرلیا

ہفتہ 25 مئی 2019 21:47

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 مئی2019ء) قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کی والدہ عصمت صدیقی کی کراچی میں واقع رہائش گاہ پرنماز تراویح میں ختم قرآن ، خصوصی بیان اور اجتماعی دعا کی تقریب گذشتہ شب منعقد کی گئی جس میں ڈاکٹر عافیہ کے صاحبزادے حافظ احمدنے 20 روزہ نماز تراویح میں قرآن مجید مکمل کرلیا۔ ڈاکٹر عافیہ کے صاحبزادے حافظ احمد نے اپنے استاد مولانا ثناء اللہ فاروقی کی زیرنگرانی و رہنمائی میں نماز تراویح کی امامت کے فرائض سرانجام دئیے۔

ختم قرآن مجیدکے بعد مولانا اورنگزیب نے فضائل قرآن پر درس دیا اور معروف مذہبی اسکالر مفتی محمد زبیر نے ڈاکٹر عافیہ سمیت کفار کی قید میں مسلمان خواتین و مرد قیدیوں،دنیا بھر کے بے گناہ قیدیوں، بیرون ممالک کی جیلوں میں پاکستانی قیدیوں کی جلد رہائی، پاکستان اور عالم اسلام کی ترقی و استحکام کیلئے خصوصی اجتماعی دعاکرائی ۔

(جاری ہے)

عافیہ موومنٹ انفارمیشن سیل سے جاری کردہ بیان کے مطابق ڈاکٹر عافیہ کے صاحبزادے احمد نے گذشتہ برس قرآن مجید حفظ کیا تھا جبکہ امریکی جیل میں قید ان کی والدہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی ماہر تعلیم ہونے کے ساتھ حافظہ قرآن اور عالمہ بھی ہیں۔

ختم قرآن مجیدو دعائیہ تقریب میںقوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ سے اظہار یکجہتی کیلئے کراچی سے پاکستان تحریک انصاف کے منتخب رکن قومی اسمبلی سیف الرحمان محسود ، پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین الطاف شکور، پاسبان کراچی کے جنرل سیکریٹری سردار ذوالفقار، ظفر اقبال، محمود خان تاجک، جماعت اسلامی کراچی کے رہنما یونس بارائی، قرآن ڈاٹ کام کے ڈائریکٹر شفیق اجمل، ہیومین رائٹس نیٹ ورک کراچی انتخاب عالم سوری، خالد جمال، مسلم اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کراچی کے ناظم ملک اشتیاق، معروف کالم نگار حفیظ خٹک ، سینئر صحافی غضنفر علی، معروف شاعر نعیم الدین نعیم، سماجی رہنماپروفیسر تنویرملک، ڈاکٹر ایوب عباسی، مجیب الرحمان، انجیئنر وسیم فاروقی، فہیم برنی ، عافیہ موومنٹ کے سینئر رضاکار امام حسین ہمدم، فیصل علی و دیگر نے شرکت کی۔

#

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں