چیف سیکریٹری سندھ کا صوبائی اسکاوٹ ہیڈ کوارٹرز کا دورہ، سندھ اسکاوٹس ریسکیو روور موٹ سے متعلق اجلاس کی صدارت

ہفتہ 19 اکتوبر 2019 22:08

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اکتوبر2019ء) سندھ بوائے اسکاوٹس ایسوسی ایشن کے صوبائی کمشنر و چیف سیکریٹری سندھ سید ممتاز علی شاہ نے صوبائی اسکاوٹ ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا اور سندھ اسکاوٹس ریسکیو روور موٹ سے متعلق اجلاس کی صدارت کی ۔ اس موقع پر صوبائی سیکریٹری سید اختر میر نے موٹ کی تیاریوں کے حوالے سے صوبائی کمشنر کو تفصیلات سے آگاہ کیا ۔

اجلاس میں ایسوسی ایشن کے اعزازی خازن حسین مرزا اور کمشنر ڈیولپمنٹ اینڈ میڈیا فرقان احمد یوسفی بھی موجود تھے ۔ صوبائی کمشنر نے روورموٹ کی تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور ہدایت کی کہ کوشش کی جائے کہ تعداد کے بجائے کوالٹی کو مد نظر رکھتے ہوئے باصلاحیت ریسکیو ٹیم تشکیل دی جائے ۔ انہوں نے تیراکی کیلئے تربیت یافتہ روور اسکاوٹس کی تشکیل کی بھی ہدایت کی اور اس مقصد کیلئے منتخب روور اسکاوٹس کو پاکستان نیوی کے زیر نگرانی تیراکی کی تربیت دلوائی جائے گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے ساحل سمندر ، کینجھر جھیل سمیت دیگر تفریحی مقامات پر تعطیلات کے دوران تربیت یافتہ روور اسکاوٹس کی موجودگی کے سلسلے میں کام کرنے کی بھی ہدایت کی ۔ واضح رہے کہ صوبائی کمشنر و چیف سیکریٹری سندھ سید ممتاز علی شاہ کی ہدایت پر سندھ کے ہر ضلع میں اسکاوٹس کی ریسکیو ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی جو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پوری طرح تیار ہوں گی اور اس حوالے سے گلستان اسکاوٹس ٹریننگ سینٹر گلشن اقبال میں 22تا 27اکتوبر تک ریسکیو روور موٹ کا انعقاد کیا جارہا ہے ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں