اس سے زیادہ بدترین وقت کبھی نہیں دیکھا، انور مقصود

پوری دنیا صرف ایک چھینک اور کھانسی کے ڈر سے گھروں میں محصور ہے‘انٹرویو

منگل 7 اپریل 2020 12:39

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اپریل2020ء) پاکستان کے نامور مصنف اور میزبان انور مقصود حالات حاضرہ پر ہمیشہ ہی نہایت تنقیدی اور مزاحیہ انداز میں رائے کا اظہار کرتے ہیں، تاہم اس بار حالات حاضرہ پر بات کرتے ہوئے ان کا انداز پہلے سے کافی منفرد نظر آیا۔دنیا بھر میں پہلی وبا کورونا کے حوالے سے انور مقصود نے اپنے ایک انٹرویو میں بات کی۔

انور مقصود کا کہنا تھا کہ مجھے آج کل ٹیلی ویژن پر کھانے پکانے کے تیل کے اشتہارات دیکھ کر بہت افسوس ہوتا ہے، ان اشتہارات میں لوگ بہترین پکوان تیار کرتے نظر آتے ہیں، میں ٹی وی چینلز سے درخواست کرتا ہوں کہ اس وقت اس قسم کے اشتہارات نشر نہ کیے جائیں، پاکستان میں اس وقت بہت سے افراد ایسے ہیں جن کے گھروں میں کھانے کے لیے کچھ بھی موجود نہیں۔

(جاری ہے)

اگر دیکھا جائے تو انور مقصود نے اپنی زندگی میں جنگیں اور سیاسی انتشار بھی دیکھا تاہم وہ موجودہ وقت کو سب سے بدترین قرار دیتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ میں نے اس سے بدترین وقت نہیں دیکھا، پوری دنیا صرف ایک چھینک اور کھانسی کے ڈر سے گھروں میں محصور ہے۔انور مقصود کے مطابق ’لیکن ہمیں سمجھنا چاہیے، پوری دنیا میں ہی لاک ڈاؤن نافذ ہے، عبادت گاہیں بند کی جارہی ہیں، تو پھر مساجد کیسے بند نہیں ہوں گی ہمارے گھروں کے دروازے کیسے بند نہیں ہوں گی اگر ہم ابھی خیال کرلیں گے تو سب کچھ جلد واپس کھل جائے گا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں