جب تک ہمارے نوجوان ہدایت کار و فنکار ہیں تب تک ہماری ثقافت پر برا وقت نہیں آئے گا،صدر آرٹس کانسل احمد شاہ

آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی نے نوجوان ہدایت کاروں کی تخلیقی صلاحیتوں سے بھرپور ’’کراچی تھیٹر فیسٹیول 2020 ‘‘ منعقد کرنے کا اعلان کردیا

پیر 21 ستمبر 2020 22:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 ستمبر2020ء) عوامی تھیٹر فیسٹیول کی کامیابی کے بعد نوجوان ہدایت کاروں کے ڈراموں پر مبنی کراچی تھیٹر فیسٹیول کا اعلان کرتے ہوئے خوشی محسوس کر رہا ہوں،تھیٹر آرٹ کی جہتوں میں سر فہرست جہت ہے ،تھیٹر صرف اداکاروں کا میڈیم نہیں بلکہ تمام لکھاری ،ہدایت کاروں کے بغیر نامکمل ہے اس میں لائٹ ،اسٹیج، ڈیزائن سب شامل ہے۔

کراچی تھیٹر فیسٹیول کیلئے نوجوان ہدایت کاروں نے بہت محنت کی ہے وہ تھیٹر پڑھ کر آئے ہیں اور تھیٹر کے ارتقاء کے لئے بھر پور لگن سے کام کر رہے ہیں ان خیالات کا اظہار صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے کراچی تھیٹر فیسٹیول کے حوالے سے منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اٴْن کا مزید کہنا تھا کہ عوام بری بری خبریں دیکھ کر بیزار ہوچکے ہیں ،اس صورتحال میں کوئی نیا اقدام اٴْٹھاتے ہیں تو وہ تازہ ہوا کا جھونکا ثابت ہوتا ہے اس سال عوامی تھیٹر فیسٹیول کو بے انتہاء شہرت ملی ہے اس کے لئے میڈیا کا شکرگزار ہوں۔

(جاری ہے)

صدر آرٹس کونسل نے مزید کہا کہ ہم صحت کو بھی اہم سمجھتے ہیں اس ہی لئے اس فیسٹیول کا انعقاد تمام ایس او پیز کو مدِ نظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔کراچی تھیٹر فیسٹیول یکم اکتوبر سے اٹھارہ اکتوبر تک کراچی آرٹس کونسل میں جاری رہے گا اس موقع پر فیسٹیول کی تفصیلات بتاتے ہوئے ہدایت کار اور پروجیکٹ کورڈینیٹر میثم نقوی نے کہا کہ تھیٹر فیسٹیول میں روایتی کام کے علاوہ کچھ منفرد کرنے کی کوشش کی ہے فیسٹیول میں مباحثے اور ورک شاپس بھی شامل ہیں جن سے شہریو ں کو معروف ہدایت کاروں سے بات کرنے کا موقع ملے گا، اس فیسٹیول میں نکڑ ناٹک بھی دکھانے کی کوشش ہے جس کی ہدایتکار عارفین سحر ہے اور یہ پلے شائقین کیلئے سرپرائز ہوگا۔

سیکریٹری آرٹس کونسل اعجاز فاروقی کا کہنا تھا کہ لوگوں کی پسندیدگی کا عالم یہ ہے کہ لوگوں کی ایک بڑی تعداد عوامی تھیٹر فیسٹیول میں شرکت کر رہی ہے، کرونا کے بعد لوگ گھروں باہر نکلنا چاہتے تھے صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے ان ضروریات کو محسوس کیا اور لوگوں کیلئے تفریح کا انتظام کیا۔پریس کانفرنس میں سینئر اداکار طلعت حسین اور آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی خازن قدسیہ اکبر بھی شامل تھیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں