مزارقائد ایکٹ کی خلاف ورزی:

کراچی پولیس نے کیپٹن محمد صفدر کو گرفتار کرلیا ، نجی ہوٹل سے حراست میں لیاگیا پولیس کمرے کا دروازہ توڑ کر اندر گھسی، مریم نواز نے ویڈیو پوسٹ کردی جس میں کمرے کا لاک ٹوٹا ہوا زمین پر پڑا ہے

پیر 19 اکتوبر 2020 20:51

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اکتوبر2020ء) کراچی پولیس نے مزار قائد ایکٹ کی خلاف ورزی پر مسلم لیگ ن یوتھ ونگ کے صدر کیپٹن محمد صفدر کو گرفتار کرلیا۔کیپٹن صفدر کو کراچی کے نجی ہوٹل سے حراست میں لیا گیا ہے۔مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز شریف نے سماجی رابطے سائٹ ٹویٹر پر اپنے بیان میں کیپٹن صفدر کی گرفتاری کی تصدیق کی ہے۔

مریم نواز نے الزام لگایا ہے کہ پولیس کمرے کا دروازہ توڑ کر اندر گھسی۔انہوں نے ایک ویڈیو بھی پوسٹ کی ہے جس میں کمرے کا لاک ٹوٹا ہوا زمین پر پڑا ہے۔

(جاری ہے)

جبکہ پولیس حکام نے بھی کیپٹن صفدر کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ لیگی رہنما کو مزار قائد کے تقدس کی پامالی کے مقدمے میں گرفتار کیا گیاہے اور انہیں تھانہ عزیز بھٹی میں رکھاگیا ہے۔

پولیس کے مطابق کیپٹن صفدر سمیت 200 افراد کے خلاف شہری وقاص کی مدعیت میں مقدمہ بریگیڈ تھانے میں درج ہے۔ مقدمے میں جان سے مارنے کی دھمکی، سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے اور مزار قائد ایکٹ کی خلاف ورزی کی دفعہ بھی شامل کی گئی ہے۔ پولیس حکام کے مطابق کیپٹن صفدر سے تفتیش کے بعد ہی انہیں کورٹ میں پیش کرنے سے متعلق کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔ #

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں