کراچی کے طبا ہارٹ انسٹیٹیوٹ میں زائد قیمت پر کرونا ویکسین لگانے کا انکشاف

زائد قیمت پر ویکسین لگانے کے معاملے کی تحقیقات کر رہے ہیں، ڈریپ حکام

جمعرات 17 جون 2021 22:46

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جون2021ء) کراچی کے طبا ہارٹ انسٹیٹیوٹ میں زائد قیمت پر کرونا ویکسین لگانے کا انکشاف ہوا ہے۔ ذرائع کے مطابق طبا ہارٹ انسٹیٹیوٹ میں سنگل ڈوز کینسائنو ویکسین 6220 روپے میں لگائی جا رہی ہے۔ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے ویکسین کی قیمت 4225 روپے مقرر کی ہے۔ کمپنی حکام کے مطابق اے جے ایم فارما نے طبا ہارٹ انسٹیٹیوٹ کو کینسائینو ویکسین فراہم نہیں کی۔

(جاری ہے)

اے جے ایم فارما نے اب تک چین سے ایک لاکھ 10 ہزار کینسائنو ڈوزز منگوائی ہیں۔ کین سائنو ویکسین کی تمام خوراکیں حکومت کو فراہم کی گئی ہیں۔ کمپنی حکام نے مزید بتایا کہ نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ اسلام آباد سے طبا ہارٹ انسٹیٹیوٹ کو کینسائنو ویکسین کی فراہمی خارج از امکان ہے۔ ڈریپ حکام کا اس معاملے پر کہنا ہے کہ زائد قیمت پر ویکسین لگانے کے معاملے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔ طبا ہارٹ انسٹیٹیوٹ کے محمد وقار بھٹی کے مطابق ویکسین پہلے 6220 روپے میں لگائی جارہی تھی، اب قیمت ریوائز کرکے 4220 روپے کردی گئی ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں