حنید لاکھانی کی دعوت پر وزیراعظم آزاد کشمیر کا اقراء یونیورسٹی کا دورہ

ترقی اور خوشحالی کے لیئے جدید تعلیمی نظام کا نفاذ ناگزیر ہے، سردار عبدالقیوم نیازی کا خطاب

منگل 30 نومبر 2021 23:58

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 نومبر2021ء) اقراء یونیورسٹی کے چیئرمین و ماہر تعلیم حنید لاکھانی کی دعوت پر وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی کی اقراء یونیورسٹی آمد، چیئر مین حنید لاکھانی نے معزز مہمان کو خوش آمدید کیا، اقراء یونیورسٹی کی لائبریری ،پلے گرائونڈ اور کمپیوٹر لیب سمیت مختلف شعبہ جات کا دورہ ، اقراء یونیورسٹی کی تعلیمی خدمات کو سراہتے ہوئے سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ اقراء یونیورسٹی جدید تعلیمی نظام کا ایک منفرد ادارہ ہے جہاں طلباء کو جدید تعلیمی نظام سے روشناس کرایا جاتا ہے اقراء یونیورسٹی پورے ملک میں آن لائن درس و تدریس کا نظام چلا رہی ہے، جدید تعلیم اور ٹیکنالوجی کے حصول کے بنا ملکی ترقی ناممکن ہے تاریخ گواہ ہے کہ جن قوموں نے تعلیم کی اہمیت کو سمجھا اور اپنے معاشرے میں تعلیم کے حصول کو لازم قراردیا وہ قومیں خوشحال ہوگئیںاور انہوں نے دنیا پر راج کیا، تعلیم ہر بچے کا بنیادی حق ہے ایک پڑھا لکھا طبقہ اور انسان ہی مہذب معاشرے کی تشکیل دے سکتا ہے، تعلیم انسان کو اچھے اور برے کی تمیز اور انسانیت سکھاتی ہے ترقی اور خوشحالی کے لیئے جدید تعلیمی نظام کا نفاذ وقت کی اہم ضرورت ہے،اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے ماہر تعلیم و چیئر مین اقراء یونیورسٹی حنید لاکھانی نے کہا کہ میںبہت مشکور ہوں وزیراعظم آزادکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی کا جنہوں نے اقراء یونیورسٹی آنے کی دعوت قبول کی ، سردار عبدالقیوم نیازی تعلیم یافتہ اور تعلیم سے محبت کرنے والے انسان ہیں ، آزاد کشمیر میں تعلیمی نظام کو بہتر کرنے کے لیئے وزیراعظم آزاد کشمیر جامع اور موثر اقدامات کریں گے چاہتے ہیں کہ پاکستان کا بچہ بچہ تعلیم حاصل کرے کشمیری نہایت قابل، سمجھدار اور تعلیم یافتہ قوم ہے دنیا جانتی ہے کہ جن قوموں نے تعلیم کو اہمیت دی اور حصول تعلیم کے لیئے اپنی زندگی وقف کی ترقی و خوشحالی نے اس قوم کے قدموں کو چوما، بعدا زاں حنید لاکھانی نے وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں