سندھ کی صنعتیں گیس کی بندش کا شکار ہیں، جام اکرام اللہ دھاریجو

ہمیں ہمارے حصے کی گیس دی جائے، صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت کی تاجر نمائندوں کے ہمراہ پریس کانفرنس

جمعہ 3 دسمبر 2021 17:46

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 دسمبر2021ء) صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت اور محکمہ امداد باہمی جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی نااہلی اور ناقض پالیسیوں کی وجہ سے سندھ کی صنعتیں بد حالی کا شکار ہیں اور ان صنعتوں کو گیس کی بندش کا سامنا ہے۔ صوبہ سندھ کو اس کے حصے کی گیس فراہمی کی جائے تاکہ صنعتوں کا پہیہ چلتا رہے۔

یہ بات آج انہوں نے اپنے دفتر میں تاجر برادری کے نمائندوں کے ساتھ اجلاس اور بعد ازاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس و پریس کانفرنس میں تاجر برادری کے نمائندے زبیر موتی والا، سلیم پاریکھ، محمد ادریس، اے کیو خلیل اور سیکریٹری اطلاعات و قائم مقام سیکرٹری محکمہ صنعت و تجارت رشید سولنگی بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت اور محکمہ امداد باہمی جام اکرام اللہ دھاریجو نے مذید کہا کہ تاجروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔

صنعتی زونز کو گیس کی بندش کا سامنا ہے۔ سندھ کو اس کے حصے کی گیس دی جائے۔ انہوں نے مذید کہا کہ صنعتی زونز میں سیوریج، پانی، انفرااسٹرکچر اور دیگر مسائل حل کئے جارہے ہیں۔صنعتی زونز میں تجاوزات کے خاتمے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر کام کررہے ہیں۔ جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا کہ مارکیٹوں میں آتشزدگی کے واقعات پر تشویش ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ آتشزدگی کے واقعات کی روک تھام کے لئے تاجر برادری تعاون کرے۔

تاجر برادری گنجان مارکیٹوں میں حفاظتی اقدامات کو یقینی بنائے۔ انہوں نے کہا کہ مارکیٹوں میں آتشزدگی کے واقعات کی روک تھام کے لئے حکومت سندھ کی سطح پر تاجر برادری کے ساتھ ہر ممکن تعاون کریں گے۔ اجلاس میں تاجر برادری کے نمائندوں نے صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت اور محکمہ امداد باہمی جام اکرام اللہ دھاریجو کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔ صوبائی وزیر جام اکرام اللہ دھاریجو نے انہیں اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہائی کرواتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے مسائل کے حل کے لئے وزیر اعلی سندھ سے بھی بات کریں گے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں