zکراچی، مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات کے دوران 3 افراد جاں بحق

منگل 7 دسمبر 2021 22:40

xکراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 دسمبر2021ء) شہر کے مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات کے دوران 3 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ بلدیہ میں گٹر میں گر کر 4 سالہ بچی جاں بحق ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق گلشن معمار تھانے کی حدود ناردرن بائی پاس عباس کٹ کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا، اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیم نے موقع پر پہنچ کر لاش کو کارروائی کے لئے قریبی اسپتال منتقل کیا، پولیس کے مطابق متوفی کی عمر 50 سے 55 برس کے درمیان ہے جبکہ لاش کے پاس سے شناخت کی کوئی چیز نہیں ملی جس سے اس کی شناخت ممکن ہوسکے، متوفی اسی علاقے کا رہائشی اور حادثے کے وقت سڑک عبور کررہا تھا کہ نامعلوم گاڑی کی زد میں آگیا، تاہم پولیس نے کارروائی کے بعد لاش کو ورثا شناخت کے لئے سرد خانے میں رکھوادیا ہے۔

(جاری ہے)

یوسف پلازہ کے علاقے فیڈرل بی ایریا بلاک 16 میں تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا جس کی لاش کو کارروائی کے لئے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، پولیس کے مطابق متوفی کے پاس سے شناخت کی کوئی چیز نہیں ملی جس سے اس کی شناخت ممکن ہوسکے متوفی کی عمر 28 سے 30 برس کے درمیان ہے، تاہم پولیس نے کارروائی کے بعد لاش کو ورثا شناخت کے لئے سرد خانے میں رکھوادیا۔

اتحاد ٹاؤن کے علاقے بلدیہ نمبر سات ابو ہریرہ مسجد کے قریب ٹریفک حادثے میں 30 سالہ اثرات ولد ایوب جاں بحق ہوگیا جس کی لاش کو کارروائی کے لئے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، پولیس کے مطابق متوفی اسی علاقے کا رہائشی اور حادثے کے وقت سڑک عبور کررہا تھا کہ تیز رفتار گاڑی کی زد میں آگیا جبکہ حادثے کا ذمہ دار ڈرائیور موقع سے گاڑی سمیت فرار ہوگیا، تاہم پولیس نے کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کردی۔

ادھر سعیدآباد تھانے کی حدود بلدیہ مشرف کالونی مدینہ ہوٹل کے قریب بچی گٹر میں گر کر جاں بحق ہوگئی، اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیم نے موقع پر پہنچ کر بچی کی لاش کو گٹر سے نکال کر قریبی اسپتال منتقل کیا، پولیس کے مطابق اسپتال میں متوفیہ کی شناخت 4 سالہ نبیا دختر نور محمد کے نام سے ہوئی ہے جو کہ اسی علاقے کی رہائشی اور گھر کے باہر کھیل رہی تھی کہ حادثاتی طور پر کھلے ہوئے گٹر میں گر کر جاں بحق ہوگئی، تاہم پولیس نے کارروائی کے بعد لاش کو ورثا کے حوالے کردیا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں