ایک کلو سونے سے تیار کردہ سورةرحمن عالمی نمائش کیلئے پیش کی جائیگی

عالمی نمائش میں کراچی سے تعلق رکھنے والے شاہد رسام کا تیار کردہ دنیا کے سب سے بڑے قرآن پاک کا نسخہ پیش کیا جائیگا

جمعرات 20 جنوری 2022 00:41

کراچی/دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جنوری2022ء) عالمی نمائش دبئی ایکسپو 2020 میں پاکستانی پویلین میں دنیا کے سب سے بڑے قرآن پاک میں شامل سورة رحمن کو بھی نمائش کیلئے پیش کیا جائے گا۔غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق عالمی نمائش میں کراچی سے تعلق رکھنے والے شاہد رسام کا تیار کردہ دنیا کے سب سے بڑے قرآن پاک کا نسخہ پیش کیا جائے گا۔

نمائش میں ایوارڈ یافتہ آرٹسٹ اور یو اے ای میں مقیم پاکستانی شاہد رسام 1400 سالہ اسلامی تاریخ میں پہلی بار کینوس پر ایلومینیم اور سونے سے لکھے گئے قرآن پاک میں شامل سورة رحمن پیش کریں گے۔عرب میڈیا کے مطابق شاہد رسام کا پراجیکٹ 24 جنوری کو دبئی ایکسپو 2020 میں پاکستانی پویلین کے باہر پیش کیا جائے گا۔اپنے ایک انٹرویو میں شاہد رسام کا کہنا تھا کہ قرآن پاک کے نسخے کی نمائش نہ صرف دنیا کی سب سے بڑی بلکہ اپنی نوعیت کی منفرد نمائش ہوگی، یہ اس حوالے سے زیادہ منفرد ہے کہ اس کے لفظ سیاہی سے لکھنے کے بجائے سونے سے تیار کیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

شاہد رسام نے بتایا کہ 1585 حروف، 352 کلمات، 78 آیات اور 3 رکوع پر مشتمل سورة رحمن کو اعلیٰ معیار کے کینوس پر سونے اور ایلومینیم کے ساتھ تیارکیا گیا ہے، سورة رحمن کی تیاری میں 15 کلو ایلومینیم اور ایک کلو سونے کا استعمال کیا گیا ہے جبکہ اس پراجیکٹ کو 200 آرٹسٹ، پینٹرز ، کیلیگرافرز، ڈیزائنرز اور اسکلپٹرز کی مدد سے 4 ماہ میں تیار کیا گیا ہے۔شاہد رسام کے مطابق نمائش میں سورة رحمن 6 صفحات پر پیش کی جائے گی، پہلے دو صفحات کے ہر صفحے پر 5 سطریں جبکہ باقی 4 صفحات پر 10،10سطریں اور مکمل سورة میں 50 سطریں ہیں۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں