عوام کو ملیریا کے مچھروں اور کرپشن کی دیمک سے بچایا جائے، پاسبان

جمعرات 25 اپریل 2024 18:54

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2024ء) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کراچی کے چیف آرگنائزر طارق چاندی والا نے کہا ہے کہ جس طرح پورا شہر بند کیا جاسکتا ہے اسی طرح پورے شہر میں اسپرے بھی کیا جاسکتا ہے۔ عوام کو ملیریا کے مچھروں اور کرپشن کی دیمک سے بچایا جائے۔ شہر کی حالت کی بہتری اور صفائی ستھرائی کے لئے نہ سندھ حکومت سنجیدہ ہے اورنہ ہی انتظامیہ۔

شہر میں صحت و صفائی کا فقدان ہے، جگہ جگہ کچرے کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں۔ گندے پانی کے اور سیوریج کے پانی کے جوہڑ موجود ہیں۔ جس کی وجہ سے عوام کی بڑی تعداد ملیریا اور ڈینگی کا شکار ہوکر اسپتال کا رخ کرر ہی ہے۔ ملیریا کے خلاف زبانی کلامی عالمی دن نہ منایا جائے بلکہ ملیریا کی روک تھام کے لئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں۔

(جاری ہے)

صدیوں سے موجود بوسیدہ سیوریج سسٹم کی اوور ہالنگ کی جائے۔

جوہڑوں کے گندے پانی کی نکاسی کے لئے فوری اور ٹھوس اقدامات کئے جائیں۔ کراچی میں کام کرنے والے تمام سرکاری اداروں بشمول کنٹونمنٹ بورڈ اور بلدیاتی و شہری اداروں کو ایک پیج پر لایا جائے۔ حکومت فوری نوٹس لے اورشہریوں کو مزید وبائی امراض سے بچانے کے لئے فی الفور اقدامات کئے جائیں۔عالمی یوم ملیریا پر گفتگو کرتے ہوئے پی ڈی پی کراچی کے چیف آرگنائزر طارق چاندی والا نے مزید کہا کہ عوام اس ملک کا سرمایہ ہیں،ان کی جسمانی صحت کا تحفظ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔

پاسبان کی جانب سے بار بارتوجہ دلائے جانے والے اہم مسئلے سیوریج سسٹم کے بوسیدہ نظام کی اوورہالنگ میں حکومت اور انتظامیہ ناکام ثابت ہو گئی۔ جس کی وجہ سے کراچی کے شہری ملیریا اور ڈینگی کا شکار ہورہے ہیں۔ جس کے نتیجے میں اسپتال ایک بار پھر مریضوں سے بھرتے جا رہے ہیں۔ سرکاری اسپتالوں میں سہولیات کی عدم فراہمی کی وجہ سے نجی اسپتالوں کی چاندی ہورہی ہے اور مریضوں کی جیبیں خالی ہو رہی ہیں

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں