صوبائی وزیر علی حسن زرداری کا سندھ جیل خانہ جات کے تمام ڈی آئی جیز، آفس انچارجز کیساتھ اجلاس

کسی بھی قسم کے تشدد، بدعنوانی یا بددیانتی کو برداشت نہیں کیا جائے گا، صوبائی وزیر علی حسن زرداری

جمعرات 25 اپریل 2024 21:35

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2024ء) صو با ئی وزیر برائے جیل خانہ جات سندھ علی حسن زرداری نے سندھ جیل خانہ جات کے تمام ڈپٹی انسپکٹر جنرلز، آفس انچارجز کے ساتھ کراچی میں انسپکٹر جنرل سندھ جیل خانہ جات کے دفتر میں ایک اہم اجلاس طلب کیا اور سندھ کے جیلوں کے نظام میں وسیع اصلاحات کے نفاذ پر بات چیت کی۔اجلا س کے دوران انہوں نے سندھ کی جیلوں میں انصاف، دیانتداری اور شفافیت کے اصولوں کو برقرار رکھنے کے لیے زور دیا۔

انہوں نے واضح طور پر کہا کہ کسی بھی قسم کے تشدد، بدعنوانی یا بددیانتی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ ادارے کی سالمیت کو ہر قیمت پر برقرار رکھا جانا چاہیے اور تمام معاملات میں انصاف اور غیر جانبداری کو یقینی بنایا جائے۔

(جاری ہے)

صوبا ئی وزیر علی حسن زرداری نے جیلوں میں فراہم کیے جانے والے کھانے کے معیار کو بہتر بنا نے پر زور دیا اور کہا کہ اس میں کوئی کوتاہی قابل قبول نہیں ہو گی ۔

انفراسٹرکچر کے معاملات کو بہتر کرنے کے لیے صوبا ئی وزیر علی حسن زرداری نے پریزن مینجنمنٹ یونٹ کے پراجیکٹ مینیجر قاضی عاصم کو تمام مینٹیننس اینڈ ریپیئر اسکیموں کو تیز ی سے مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ مزید برآں، انہوں نے سالانہ ترقیاتی منصوبہ اسکیموں کے لیے بروقت تجاویز پیش کرنے پر زور دیا۔ انہو ں نے کہا کہ سندھ حکومت جیلوں کے نظام میں اصلاحات کا پختہ عزم رکھتی ہے ،حکومت قیدیوں کی دیکھ بھال میں انصاف اور مسا وی سلو ک کو یقینی بنانے کے لیے پر عزم ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں