انٹرنیشنل پیکجنگ فلمز لمیٹڈکا آئی پی او کے ذریعے 1.47ارب روپے اکھٹا کرے گی

جمعہ 26 اپریل 2024 20:15

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2024ء) انٹرنیشنل پیکجنگ فلمز لمیٹڈاسٹاک مارکیٹ میں لسٹنگ کے ذریعے 1.47ارب روپے اکھٹے کرے گی۔ اس اس سلسلے میں آئی پی او کا انعقاد 8اور 9مئی کو کیاجائے گا۔بک بلڈنگ کا آغاز 21روپے فی حصص کی فلور پرائس سے کیا جائے گا ۔ کمپنی کا 70.1ملین شیئرز جاری کرکے 1.47ارب روپے جمع کرنے کا منصوبہ ہے۔ آئی پی او سے حاصل ہونے والی آمدنی کو کمپنی اپنے توسیعی منصوبوں BOPPاور BOPET filmsفلمز کی مینوفیکچرنگ سہولیات کے قیام کیلئے حاصل کیے گئے طویل المدّتی قرض کی جلد ادائیگی کے لیے استعمال کرے گی۔

انٹرنیشنل پیکجنگ فلمزفلیکسیبل پیکیجنگ فلمز بنانے والا سب سے بڑا گروپ ہے اور مجموعی طورپر پیکجنگ سلوشنز کا مضبوط پورٹ فولیوپیش کرتا ہے جس میں سی پی پی ، بی او پی پی اور بی او پی ای ٹی فلمیں تیار کی جاتی ہیں۔

(جاری ہے)

ملک کے 3اہم مقامات پر واقع یہ پاکستان کا پہلا گروپ ہے جو ون ونڈوفلیکسیبل پیکجنگ سلوشنز فراہم کرتا ہے ۔ انٹرنیشنل پیکجنگ فلمز لمیٹڈ نے 2023میں 19.9ارب روپے کی نیٹ سیلز ریکارڈ کی جبکہ مالی سال2023 کیلئے کمپنی کا مجموعی مارجن 27فیصدرہا۔

2023میں کمپنی نے 2.9ارب روپے کا مجموعی منافع اور1.6ارب روپے کا بعد از ٹیکس منافع حاصل کیا ۔انٹرنیشنل پیکجنگ فلمزگروپ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نوید گوڈیل نے کہاکہ ان کی کمپنی 2024/25میں برآمدات کے ذریعے 15سے 20ملین ڈالر کا زرِ مبادلہ حاصل کرے گی۔ عارف حبیب لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو شاہد حبیب نے کہاکہ سرمایہ کاروں کے پاس انٹرنیشنل پیکجنگ فلمز میں سرمایہ کاری کرنے کا ایک بہترین موقع ہے جو پاکستان میں فلیکسیبل پیکنجنگ فلموں کی سب سے بڑی مینوفیکچرر ہے۔

انٹرنیشنل پیکجنگ فلمزاپنے ذیلی اداروں کاسٹ پیکنجنگ فلمز (CPAK)، پیٹ پاک فلمز(PETPAK) اور گلوبل پیکجنگ فلمز(GPAK) کے ساتھ مجموعی طورپر فلیکسیبل پیکجنگ فلموں کا سب سے بڑا مینوفیکچرنگ گروپ ہے۔ 50ایکڑ رقبے پر واقع پلانٹ میںسالانہ150,000ٹن سے زائد نیم پلیٹ کی پیداواری گنجائش ہے۔ کمپنی کا آئی پی او 100فیصد بُک بلڈنگ کے عمل کے ذریعے جاری کیا جارہا ہے جس کے تحت سرمایہ کار ایشو کے سائز کے حساب سے 100فیصد بڈز لگائیں گے، تاہم کامیاب بڈرز کو صرف 75فیصدحصص مختص کیے جائیں گے اوربقیہ 25فیصد حصص ریٹیل سرمایہ کاروں کیلئے مختص کیے جائیں گے۔

مقامی طلب کو پورا کرنے اور درآمدی مصنوعات کے متبادل کے علاوہ کمپنی اپنی مصنوعات کو سعودی عرب اور عمان سمیت مشرقِ وسطیٰ کے ممالک کو بھی برآمد کرتی ہے جس سے ملک کو زرِ مبادلہ حاصل ہوتاہے۔ عارف حبیب گروپ (AHL)اور اے کے ڈی سیکیوریٹیز لمیٹڈ (AKDSL)انٹرنیشنل پیکجنگ فلمز لمیٹڈ کے آئی پی او کے ذریعے فنڈ جمع کرنے کیلئے مینڈیٹ لیڈ منیجر اور جوائنٹ لیڈ منیجر ہیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں