کراچی،پرندوں کی چوری کا الزام

شہریوں نے مبینہ چور کو تشدد کر کے مار ڈالا، پولیس نے مبینہ طور پر تشدد اور قتل میں ملوث بنگلے کے مالک کو گرفتار کرلیا

ہفتہ 27 اپریل 2024 17:15

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اپریل2024ء) کراچی میں پرندوں کی چوری کے الزام میں شہریوں نے مبینہ چور کو تشدد کر کے موت کے گھاٹ اتاردیا، پولیس نے مبینہ طور پر تشدد اور قتل میں ملوث بنگلے کے مالک کو گرفتار کرلیا۔۔تفصیلات کے مطابق چند روز قبل پی ای سی ایچ ایس نورانی چورنگی کے قریب پرندوں کی چوری کے الزام میں شہریوں نے تشدد کرکے مبینہ چور کو مارڈالا۔

پولیس حکام کے مطابق قانون ہاتھ میں لینے پر بنگلے کے مالک کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ مارے گئے مبینہ چور کی شناخت غلام شبیر کے نام سے ہوئی ہے، غلام شبیر لائنز ایریا کا رہائشی اور پرندوں کے کاروبار سے منسلک تھا۔پولیس کے مطابق گرفتار بنگلے کے مالک نے بھی غلام شبیر پر پرندوں کی چوری کا الزام لگایا تھا، مارے گئے مبینہ چور غلام شبیر کا کوئی کریمنل ریکارڈ سامنے نہیں آیا، لیکن بنگلے کے مالک کا کہنا ہے کہ مبینہ چور اس کے گھر پر ندے چوری کر رہا تھا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب واقعے کا مقدمہ غلام شبیر کے بھائی طاہر کی مدعیت میں فیروز آباد تھانے میں درج کیا گیا، مقدمے میں قتل کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔غلام شبیر کے بھائی طاہرنے اس حوالے سے بتایاکہ غلام شبیر کی کروڑوں کی پراپرٹیاں ہیں، اس کے پاس لاکھوں کے پرندے ہوتے ہیں، بھائی غلام شبیر کو لین دین کے تنازع پر مبینہ چور قرار دے کر تشدد کر کے مارا گیا۔پولیس کے مطابق گرفتار بنگلے کے مالک نے ہی غلام شبیر پر پرندوں کی چوری کا الزام لگایا تھا، واقعے کی تفتیش شروع کردی گئی ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں