توانائی بحران کی موجودگی میں معاشی بحالی ناممکن ہے،میاں زاہد حسین

بجلی کے نرخ بڑھانے کے ساتھ اووربلنگ بھی جاری ہے،صدر کراچی انڈسٹریل الائنس

ہفتہ 27 اپریل 2024 18:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اپریل2024ء) نیشنل بزنس گروپ پاکستان کے چیئرمین، پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولزفورم وآل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدراورسابق صوبائی وزیر میاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ توانائی بحران کی موجودگی میں مکمل معاشی بحالی اوراسکی ترقی ناممکن ہے،جب تک توانائی کے بحران کوحل نہیں کیا جاتا اوربجلی وگیس کی قیمت کم نہیں کی جاتی اس وقت تک معاشی تنزلی کا سفرجاری رہے گا۔

میاں زاہد حسین نے کاروباری برادری سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ توانائی کے شعبہ کی بد انتظامی سالہا سال سے جی ڈی پی کوبری طرح متاثرکررہی ہے جبکہ اس شعبہ کے نقصانات کوکم کرنے کے لئے نرخ مسلسل بڑھانے کی پالیسی اپنائی گئی ہے جس سے پیداواراور برآمدات کم ہورہی ہیں جبکہ غربت میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔

(جاری ہے)

بجلی اورگیس کی قیمتوں میں زبردست اضافہ کے باوجود ان شعبوں کی کارکردگی بہترنہیں ہوسکی ہے جوافسوسناک ہے۔

غلط پالیسیوں کی وجہ سے بجلی کی طلب اوربلوں کی ریکوری مسلسل کم ہورہی ہے جس سے حکومت کا نقصان بڑھ رہا ہے کیونکہ آئی پی پیز کے ساتھ ایسے معاہدے کئے گئے تھے جنہوں نے ملکی معیشت کوبے جان کرڈالا ہے۔ میاں زاہد حسین نے کہا کہ ایک طرف بجلی کے نرخ مسلسل بڑھائے جا رہے ہیں تودوسری طرف اوور بلنگ کا دھندہ بھی عروج پرپہنچا دیا گیا ہے اس لوٹ مار کا نوٹس حکومت نے بھی لیا ہے اس سلسلے کو روکا جانا ضروری ہے۔

اس شعبہ کے مسائل اورانکے حل بھی سب کو معلوم ہیں وزیراعظم نے بجا طور پر کہا ہے کہ ایکسپورٹ میں اضافے کے لیے صنعتوں کو بجلی اور گیس کی قیمتیں کم کی جائیں۔ ارباب اقتدار میرٹ پر عمل درآمد کر کے بغیر کسی سیاسی مداخلت کے اسے حل کریں تو قیمتوں میں کمی ممکن ہے۔ ملک بھرمیں گیس کی قیمتیں یکساں کرنے کی کوشش شروع کردی گئی ہے جس سے گیس مزید مہنگی ہوجائے گی تاہم گیس کمپنیوں کا خسارہ کم ہوجائے گا۔

گیس پیدا کرنے والے صوبوں کواس پر تحفظات ہیں۔ اس فیصلے سے عوام پرمالی دباؤ بڑھے گا صنعتی شعبہ کی کاروباری لاگت اورمہنگائی میں اضافہ ہوگا جبکہ منافع مزید کم ہوجائے گا۔ بجلی کا یکساں ٹیرف بہترریکوری والے علاقوں کے صارفین سے ظلم اور بجلی چوری والے علاقوں کے صارفین کونوازنے کے مترادف ہے۔ جہاں ریکوری بہترہے وہاں بجلی سستی اور متعلقہ محکمے کی تنخواہیں بہترہونی چائیں۔ میاں زاہد حسین نے مزید کہا کہ بجلی گیس اورتیل کے نظام کوجان بوجھ کرانتہائی پیچیدہ رکھا گیا ہے تاکہ عوام اورکاروباری برادری کی اکثریت اسے سمجھے بغیرخاموشی سے ادائیگیاں کرتی رہے اس پیچیدگی کا بھی وزیراعظم نوٹس لے کر عوام کی دادرسی کریں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں