شہر قائد میں گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ساتھ عوامی مزید مسائل کا شکار ہو رہی ہے،ثروت اعجاز قادری

پیر 13 مئی 2024 20:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مئی2024ء) صدر پاکستان سنی تحریک انجینئرمحمد ثروت اعجاز قادری نے قادری ہاس سے جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ شہر قائد میں گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ساتھ عوامی مزید مسائل کا شکار ہو رہی ہے۔بجلی ہماری زندگی کا اہم حصہ بن چکی ہے۔رات دن کی لوڈ شیڈنگ پانی گیس کی بندش عوام کا مقدر بن گئی ہے۔مختلف علاقوں میں آٹھ گھنٹے سے لے کے 14 گھنٹے تک کی لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے۔

چھوٹے کاروباری حضرات کا دن کی لوڈشیڈنگ کی وجہ سے کاروبارتباہی کے دہانے پر پہنچ چکا ہے۔گھریلو صارفین دن میں دھوپ کی شدت اور رات میں لائٹ نہ ہونے کی وجہ سے گرمی میں اضافے کے باعث حال سے بے حال ہو چکے ہیں۔پانی اور گیس کے محکمے نے بھی عوام کو ترسا دیا ہے۔

(جاری ہے)

شہر قائد کے بیشتر علاقے ایسے ہیں جہاں ہفتے میں ایک بار پینے کا پانی لائنوں میں آتا ہے۔

فراہمی آب اور نکاسی آب کی لائنوں میں ٹوٹ پھوٹ اور رسا کی وجہ سے شہریوں کو گندہ پانی مجبورا استعمال کرنا پڑ رہا ہے۔جس کی وجہ سے بچوں اور خواتین میں پیٹ کی بیماریاں بڑھ رہی ہیں۔جراثیم کش اسپرے نہ ہونے کی وجہ سے مچھروں کی افزائش میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔سرکاری ڈسپنسریاں ہوں یا اسپتال ہر طرف مریضوں کی تعداد بڑھتی جا رہی ہے۔ثروت اعجاز قادری کا مزید کہنا تھا کہ شہر قائد کے بعض علاقے تو ایسے بھی ہیں جہاں کے مکین گاں دیہات سے بھی بدتر زندگی گزار رہے ہیں۔

ان علاقوں میں نہ اچھی سڑکیں ہیں نہ گلیوں میں فرش بنائے گئے ہیں۔سیوریج کے نظام کی ابتر صورتحال کے باعث گھروں سے لے کر گلیوں تک سیوریج کا پانی کھڑا ہے۔گندے پانی اور صاف پانی کی لائنیں آپس میں اس طرح مل گئی ہیں جیسے دو بچھڑے ہوئے بھائی۔ان مضافاتی علاقوں کے مکین پینے کے پانی کے حصول کے لیے دور دراز کے علاقے میں جاتے ہیں۔حکومتی سطح پر ان علاقوں میں کوئی ترقیاتی کام نہیں ہو رہا جب کہ علاقہ مکینوں کی جانب سے مسائل کے حوالے سے متعلقہ محکموں میں درخواستیں جمع کرائی گئی ہیں۔

علاقہ مکین کہتے ہیں کہ ہر چھ ماہ کے بعد یہاں الیکشن ہونے چاہیے کیونکہ الیکشن کی وجہ سے ہمارے کچھ نہ کچھ مسائل حل ہو جاتے ہیں۔سندھ حکومت ہو یا شہری حکومت عوام کے مسائل کو حل کرنا ان کی ہی ذمہ داری ہے مگر یہ سب اپنی ذمہ داریوں سے منہ پھیرے ہوئے ہیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں