جھڈو میں کولہی برادری کی جانب سے سندھ میں اقلیتی برادری سے ہونے والے مظالم کے خلاف احتجاج

پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ کی وفد کے ہمراہ شرکت ،کولہی برادری سے یکجہتی کا اظہار اورمظالم کے خلاف ڈٹ کے مقابلہ کرنے کا اعلان

اتوار 26 مئی 2024 19:35

کراچی/میرپورخاص (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مئی2024ء) سندھ میں اقلیتی برادری سے ہونے والے مظالم کے خلاف میرپورخاص ڈویژن کی تحصیل جھڈو میں کولہی برادری کی جانب سے احتجاج ہزاروں کی تعداد میں اقلیتی برادری کے لوگوں کی شرکت کی، اقلیتی برادری نے عمران خان کی تصاویر اٹھا کر موجودہ حکومت کے خلاف سخت نعریبازی کرتے ہوئے عمران خان کی فوری رہائی اور ملک میں قانون کی بالادستی کو قائم کرنے کا مطالبہ کیا۔

احتجاج میں پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ کراچی سے پی ٹی آئی کے وفد کے ہمراہ شریک ہوئے کولہی برادری سے یکجہتی کا اظہار کیا اور ہونے والے مظالم کے خلاف ڈٹ کے مقابلہ کرنے کا اعلان کیا۔تفصیلات کے مطابق ننگر پارکر سے پی ٹی آئی کی ٹکٹ پر الیکشن لڑنے کے بعد پی ٹی آئی رہنما پھلاج کولہی کو پولیس کی جانب سے مسلسل سیاسی انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنایا جارہا ہے جس کے خلاف کولہی برادری کے رہنما پھلاج کولہی، رامچند کولہی، بہارمل کولہی سمیت دیگر رہنمائوں کی قیادت میں مسلسل احتجاج کیا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ پی ٹی آئی رہنمائوں کے ہمراہ جھڈو پہنچے اور کولہی برادری کے احتجاج میں شریک ہوئے۔ احتجاج میں ہزاروں کی تعداد میں کولہی برادری سمیت دیگر اقلیتی برادری کے لوگوں نے شرکت کی اور احتجاج جلسہ کی صورت اختیار کر گیا۔ جلسہ کے شرکا نے عمران خان کی تصاویر اٹھا کر عمران خان کی رہائی اور ملک میں قانون اور انصاف کی حکمرانی قائم کرنے کے لئے سخت نعریبازی کی۔

احتجاجی جلسے میں پی ٹی آئی رہنما سابق اقلیتی ایم این اے لال مالہی، حاجی نثار آرائین، ایڈووکیٹ اشرف سموں، ایڈووکیٹ بھگوانداس بھیل،ڈاکٹر مسرور سیال،ڈاکٹر لجپت سورانی،جانشیر جونیجو، عمران قریشی، عابد قریشی، نازش فاطمہ، آفتاب قریشی سمیت دیگر رہنمائوں نے شرکت کی۔جلسہ سے خظاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے کہا میں کولہی برادری کے لوگوں کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں ںے وقت کے مظلوموں کے خلاف اپنے حق کے لئے سخت گرمی میں بھی احتجاج میں شریک ہیں۔

حلیم عادل شیخ نے کہا جس نے دن روپلو کولہی کی اولاد نے طے کر لیا کہ انقلاب آنا ہے تو اس دن سندھ میں انقلاب آجائے گا، حلیم عادل شیخ نے کہا سندھ میں بھٹو کی پارٹی کی حکومت انہیں جنرل تھروٹ کا غلام نہیں بننا چاہیے۔ اگر پیپلزپارٹی جنرل تھروٹ کی اولا بنے گی تو یہ کولہی بھی روپلو کولہی کی اولاد ہیں۔ حلیم عادل شیخ نے کہا جب انگریزوں 1840 میں سندھ میں قبضہ کیا اور مقامی لوگوں پر ناجائز ٹیکس عائد کیا جس کے خلاف کولہی برادری نے بغاوت کا اعلان کیا تھا اور ڈٹ کے مقابلہ کیا تھا اس وقت بڑے بڑے سرداروں کی ٹانگیں کانپ گئی تھی اور انگریزوں کے غلام بن گئے تھے۔

روپلو کولہی پھانسی پر چڑھ گیا لیکن اس نے اپنی قوم سے غداری نہیں کی تھی، کوہلی برادری عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ آج کولہی برادری کے ساتھ جو ظلم ہورہا ہے ہم کوہلی برادری کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔حلیم عادل شیخ نے کہا پی ٹی آئی وفد سے قبل رات سے ہی بڑی تعداد میں پولیس نے کولہی برادری کو احتجاج کرنے سے روکا تھا لیکن اس کے باوجود بڑی تعداد میں پہنچے میں پولیس سے کہتا ہوں کوہلی برادری ہمارے ملک کے شہری ہیں انکے برابر کے حقوق ہیں۔

حلیم عادل شیخ نے اقلیتی برادری سے ظلم بند نہیں ہوا تو جھڈو سے یہ ہزاروں لوگوں کا مارچ سی ایم ہائوس لیکر جائیں گے فوری طور پر کولہی برادری سمیت تمام اقلیتی برادری پر درج جھوٹے کیسز ختم کئے جائیں۔ حلیم عادل شیخ نے کہا کولہی برادری لاوارث نہیں ہے پوری پارٹی کولہی برادری کے ساتھ کھڑی ہے۔ڈاکٹر مسرور سیال نے کہا سندھ کے اصل وارث کولہی برادری اور بھیل برادری ہے اس ظلم کے ماحول میں جہاں ہر طرف وڈیرا شاہی موجود ہے اور غریبوں پر مظالم کئے جارہے ہیں اس کے باوجود آج یہ بڑی تعداد میں عوام عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے۔

انہوں نے کہا سندھ میں جب بھی انقلاب کی شروعات ہوگی تو غریب کسانوں اور مزدوروں سے شروع ہوگی۔ سندھ میں سندھ کے اصل رہائشیوں سے 75 سالوں سے زیادتیاں کی جارہی ہیں۔سابق اقلیتی ایم این اے لال مالہی نے کہا عمران خان کا پاکستانی شہریوں کے نام پیغام ہے یہ ملک 75 سال قبل آزاد ہوا تھا لیکن اس ملک کے لوگ آزاد نہیں ہوئے ہیں پاکستانی شہریوں کو آج بھی غلام بنا کر رکھا ہوا ہے۔

ہمیں اس ملک میں وڈیروں کے پاس غلام بنایا ہوا ہے یہ کولہی، بھیل، کسان زمین میں بیج بو کر فصل اگاتے ہیں ان کے بچے تعلیم صحت سے محروم ہیں ہمیں اقلیتی برادری کو بھی برابری کے حقوق دلوانے ہیں۔آخر میں احتجاجی جلسہ کے شرکا نے عمران خان کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے ملک میں اقلیتی برداری پر ہونے والے مظالم بند کرنے اور جھوٹے مقدمات فوری ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں