شوہر نے بیوی پر پیٹرول چھڑک کر آگ لگا دی

ڈی پی او قصور محمد صہیب اشرف نے نوٹس لیتے ہوئے ملزم کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دے دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 4 دسمبر 2021 10:53

قصور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 04 دسمبر 2021ء) : قصور میں ایک انسانیت سوز واقعہ میں شوہر نے اپنی بیوی پر پیٹرول چھڑک کر آگ لگا دی۔ تفصیلات کے مطابق قصور کے علاقہ مصطفیٰ آباد میں شوہر نے بیوی پر پیٹرول چھڑک کر آگ لگا دی۔ واقعہ کی اطلاع موصول ہونے پر پولیس فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچی اور جھلسنے والی خاتون کو اسپتال منتقل کیا۔ پولیس کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ ملزم ارشد نے گھریلو ناچاقی پر بیوی پر پیٹرول چھڑک کر آگ لگائی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ 22 سالہ خاتون سمیرا بری طرح جھلس کر زخمی ہوگئی، خاتون کو طبی امداد کے لیے برنس وارڈ منتقل کردیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق خاتون کا شوہر ملزم ارشد فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا پولیس ملزم کی تلاش میں چھاپے مار رہی ہے۔

(جاری ہے)

تاہم واقعہ پر ڈی پی او قصور محمد صہیب اشرف نے نوٹس لیتے ہوئے ملزم کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دے دیا۔

ڈی پی او قصور نے ملزم کی جلد از جلد گرفتاری کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی ۔ ڈی پی او قصور نے کہا کہ ملزم کو جلد از جلد گرفتار کرکے انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ یاد رہے کہ اس سے قبل بھی قصور میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا تھا ، قصور کے نواحی گاؤں ستوکی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے چار افراد جاں بحق ہوئے، فائرنگ کے بعد ضلعی پولیس آفیسر صہیب اشرف نفری کے ساتھ جائے وقوعہ پہنچے اور شواہد اکھٹے کیے۔

ڈی پی او نے ملزمان کی گرفتاری کےلیے تمام تھانوں کی نفری طلب بھی کی۔ پولیس نے لاشیں اسپتال منتقل کرکے تفتیش کا آغاز کیا۔ جس کے بعد پولیس کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ ستوکی گاؤں میں یاسین نامی شخص نے اپنی بیوی شمشاد، بیٹی سونیا ، رشتے دار وقاص اورالیاس کو قتل کردیا ۔ پولیس کے مطابق یاسین کی فائرنگ سے قاسم نامی شخص زخمی ہوگیا جبکہ واردات کے بعد ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ یاسین کی بیوی بیٹی کا رشتہ وقاص سے کرنا چاہتی تھی ، لیکن یاسین اس رشتے کے خلاف تھا ۔ پولیس نے بتایا کہ ملزم یاسین نے اپنی بیوی اور بیٹی کو وقاص سے ملنے سے بھی منع کر رکھا تھا۔

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں