گورنمنٹ سپیشل ایجو کیشن سینٹر میں یوم دفاع کے حوالے سے افواج سے اظہار یکجہتی کیلئے تقریب کا انعقاد

جمعہ 10 ستمبر 2021 21:43

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 ستمبر2021ء) گورنمنٹ سپیشل ایجو کیشن سینٹر قصور میں یوم دفاع کے حوالے سے افواج سے اظہار یکجہتی کیلئے ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں ڈی ای او سپیشل ایجو کیشن طاہر حسین غازی ،ایس ایس ٹی کے چیئر مین ،خصوصی بچوں ، والدین اور دیگر نے شرکت کی ۔ اس موقع پر خصوصی بچوں نے اپنی پرفارمنس کے ذریعے پاک فوج سے اپنی محبت کا اظہار کیا ۔

(جاری ہے)

ڈی ای او سپیشل ایجو کیشن طاہر حسین غازی نے یوم دفاع کے حوالے سے خصوصی بچوں کی پرفارمنس کو سراہا اور بچوں کی تعلیم و تربیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ خصوصی بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کیلئے حکومت پنجاب نے داخلہ مہم کا آغاز کر رکھا ہے ۔ حکومت خصوصی تعلیمی اداروں میں مفت داخلہ ، مفت یونیفارم ، مفت کتابیں ، مفت ٹرانسپورٹ اور ماہانہ 800روپے وظیفہ دے رہی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ خصوصی بچوں کو سکول میں داخلہ کروا کر ہم انکی بہتر تربیت کر سکتے ہیں اور انہیں معاشرے کا مفید شہری بنا سکتے ہیں لہذا ہر شہری ہمارے ساتھ تعاون کرے اور ان بچوں کے والدین تک ہمارا پیغام پہنچایا جائے تا کہ بچوں کی خصوصی تربیت کے ذریعے انہیں ملک و قوم کا مفید شہری بنایا جاسکے ۔

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں