سندھ صوبے میں شجرکاری مہم جاری ہے اور ضلع خیرپور میں اس مہم کو کامیاب بنانے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں گے، ڈپٹی کمشنرخیرپور

پیر 19 فروری 2018 16:50

خیرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 فروری2018ء) ڈپٹی کمشنر خیرپور جاوید علی جاگیرانی نے کہا ہے کہ پورے ملک کی طرح سندھ صوبے میں شجرکاری مہم جاری ہے اور ضلع خیرپور میں اس مہم کو کامیاب بنانے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں گے ۔ ڈی سی آفس کے دربار ہال میں شجرکاری مہم کے سلسلے میںمنعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ڈی سی خیرپور نے کہا کہ شجرکاری مہم 2018 کے سلسلے میں تمام محکموں کے افسران شجرکاری کے حوالے سے کارکردگی کا مظاہرہ کریں بصورت دیگر ان کے محکموں کے اعلیٰ افسران کو رپورٹ ارسال کی جائے گی ۔

ڈی سی خیرپور نے کہا کہ موسم نے عالمی سطح پر تبدیلی کا رخ اختیار کیا ہے اور ہم سب کو اپنی آنے والی نسلوں کو خوشگوار ماحول اور پر فضا مواقع فراہم کرنے کے لیے شجرکاری مہم کو ہرصورت میں کامیابی سے ہمکنار کرنا ہوگا ۔

(جاری ہے)

ڈی سی خیرپور نے ضلع کے آٹھوں تعلقوں کے اسسٹنٹ کمشنروں اور پولیس، صحت، روینیو، جیل خانہ جات، رینجرز، میونسپل، آبپاشی، روڈز، میڈیکل ، انجینئرنگ کالج، یونیورسٹیز، کیڈٹ کالج سمیت تمام اداروں کے افسران کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ شجرکاری مہم کے سلسلے میں اقدامات کو عملی جامہ پہنائیں انہوں نے کہا کہ ایک پودا لگانا ثواب جاریہ ہے اور عین عبادت ہے ۔

ڈی سی خیرپور نے ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ جنگلات کو ہدایت کی کہ وہ تمام محکموں کو پودے فراہم کرنے کے بعد ان کی نگرانی کرتے ہوئے رپورٹ فراہم کریں ۔ ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ جنگلات مقصود میمن نے اجلاس کو بتایا کہ فقیر آباد، کوٹ ڈیجی اور کوٹ بنگلو میں 20 ہزار پودے فراہم کردیے گئے ہیں جبکہ تمام محکموں کو ان کی ضرورت کے مطابق پودے فراہم کیے جائیں گے ۔ ادھر دوسری جانب ڈپٹی کمشنر خیرپور جاوید علی جاگیرانی نے تعلقہ نارا میں شجرکاری مہم اور مفت آئی کیمپ کا افتتاح کیا جبکہ ہائر سیکنڈری اسکول چونڈکو کا دورہ کیا دورے کے دوران انہوں نے اسکول کے طلباء و طالبات سے تعلیمی معیار کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔

متعلقہ عنوان :

خیرپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں