پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں خاطر خواہ کامیابی حاصل کی ہے ،ْسردار مسعود خان

ہمارے سیکورٹی اداروں کے آفیسران دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے تربیت یافتہ ہیں ، قومی سلامتی اور استحکام کیلئے ہر طرح کی قربانی دینے کا جذبہ رکھتے ہیں ،ْتقریب سے خطاب

جمعرات 29 مارچ 2018 17:51

کھاریاں(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مارچ2018ء) صدر آزادجموں و کشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں خاطر خواہ کامیابی حاصل کی ہے ۔پاکستان ہی دہشت گردی کا سب سے ذیادہ شکار رہا ہے لیکن اسکے باوجود پاکستان نے کامیابی کے ساتھ اس لعنت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے اور دہشت گردوں کے ٹھکانوں اور ان کے مواصلاتی نیٹ ورک کو تباہ کر دیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار صدر آزاد جموں و کشمیر نے آج پبی کھاریاں میںقومی انسدادی دہشتگردی سنٹرکے 13ویں انسداد دہشت گردی کورس کے اختتامی تقریب میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔میجر جنرل احسان اللہ اور کمانڈنٹ قومی انسداد دہشت گردی سنٹر بریگیڈئیر رضوان افضل ملک نے صدر آزادکشمیر کا استقبال کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر صدر مسعود خان نے مسلح افواج اور قانون نافذکرنے والے اداروں کی دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں کی جانے والی کوششوں اور قربانیوں پر انہیں خراج تحسین پیش کی ۔

انہوں نے کہا ہے ہمارے سیکورٹی اداروں کے اہلکاران و آفیسران دہشت گردی سے نمٹنے کے لئے پوری طرح تربیت یافتہ ہیں اور وہ قومی سلامتی اور استحکام کے لئے ہر طرح کی قربانی دینے کا جذبہ رکھتے ہیں ۔صدر آزاد جموں و کشمیر نے کہا ہے کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف حوصلہ مندی اور نہایت بہادری کے ساتھ مقابلہ کیا ہے ،انہوں نے کہا کہ آپریشن ردالفساد میں کامیابی ہماری ریاست ، مسلح افواج و دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے ملک کو دہشت گردی کی لعنت سے پاک کئے جانے کے معصم عزم و بے لوث جذبے کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

صدر مسعود خان نے کہا ہے کہ بھارت نے بیک وقت تین قسم کی جنگیں شروع کر رکھی ہیں ایک طرف وہ مقبوضہ کشمیر میں ہمارے معصوم کشمیری بہن ،بھائیوں کا بے دریغ قتل عام کر رہا ہے ،دوسری جانب وہ سیز فائر معاہدے کی مسلسل خلاف ورزی کرتے ہوئے لائن آف کنٹرول کے اس پار سویلین کو اپنی دہشت گردی کا نشانہ بنا رہا ہے اور اسکے ساتھ ساتھ وہ پاکستان کے مختلف شہروں اور علاقوں کو درپردہ عناصر کے ذریعے دہشت گردی کا نشانہ بنا رہا ہے ۔

صدر آزادجموں و کشمیر نے کہا ہے کہ ان تمام چینلجز کے باوجود پاکستان ایک عظیم ملک بن کر ابھرے گا اور پوری قوم اجتماعی طور پر دہشت گردی سے نمٹنے کے لئے ہمہ وقت تیار ہے۔مقبوضہ کشمیر کی تشویشناک صورتحال پر بات کرتے ہوئے صدر آزاد جموں و کشمیر نے کہا کہ بھارتی قابض افواج نے کشمیریوں کو اپنی ہی سر زمین پر محصور کر کے رکھا ہوا ہے اور نہتے کشمیریوں کا بے دریغ قتل عام کیا جا رہا ہے ۔

پیلٹ گنوں سے شہریوں کو بینائی سے محروم و معذور کیا جا رہا ہے۔معصوم عورتوں کی سر عام عصمت دری اور بے حرمتی کی جا رہی ہے ۔بے گناہ کشمیری نوجوانوں اور حریت رہنمائوں کو پابند سلاسل کیا جا رہا ہے اور مسلمانوں کی اکثریت والے علاقوں میں غیر قانونی طور پر غیر مسلموں اور غیر کشمیریوں کو آباد کیا جا رہا ہے تاکہ آبادی کے تناسب کو تبدیل کیا جا سکے انہوں نے کہا کہ یہ تمام عوامل بین الاقوامی قانون کے مطابق جنگی جرائم ہیں ۔

صدر مسعود خان نے کورس کے کامیاب شرکاء کو مبارکباد دی اور کمانڈنٹ و انسٹرکٹر ز کو شرکاء کورس کی کامیاب تربیت پر ان کی کارگردگی کو سراہا ۔انہوں نے اس با ت پر خوشی اور اطمینان کا اظہار کیا کہ شرکاء کورس کو اعلی تدریسی تربیت کے ساتھ ساتھ جدید اسلحہ کے استعمال کی ٹریننگ بھی دی گئی ہے۔انہوں نے آزادکشمیر پولیس کے دس آفیسران کو بھی اس سنٹر سے انسداد دہشت گردی کے کورس میں کامیابی حاصل کرنے پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے انہیں مبارکباد دی۔

صدر آزادجموں و کشمیر نے کہا ہے کہ قومی انسداد دہشت گردی کا یہ سنٹر سال 2014؁ء میں قائم ہوا ،اس سنٹر کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ بیرون ملک چین،سعودی عرب ، فلسطین اور دیگر دوست ممالک سے بھی متعدد آفیسران نے یہاں آکر تربیت حاصل کی ہے اسطرح انتہائی قلیل عرصہ میں اس نے قومی اور بین الاقوامی سطح پر شہرت حاصل کر لی ہے۔تقریب میں شرکاء کورس کے علاوہ DIGمیرپور سردار راشد نعیم ،مسلح افواج و قومی سلامتی کے مختلف اداروں کے اعلیٰ آفیسران نے بھی شرکت کی ۔

متعلقہ عنوان :

کھاریاں میں شائع ہونے والی مزید خبریں