کوہاٹ میں منشیات کی بھاری کھیپ نذر آتش کرکے تلف کرلی گئی

بدھ 20 فروری 2019 19:17

کوہاٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 فروری2019ء) کوہاٹ میں منشیات کی بھاری کھیپ نذر آتش کرکے تلف کرلی گئی ہے،تلف کی جانیوالی مختلف قسم کی نشہ آور اشیاء پولیس تھانوں کی فیصلہ شدہ مقدمات کا مال مقدمہ تھا جن میں چرس اور ہیروئن شامل ہیں۔منشیات تلف کرنے کی کاروائی کوہاٹ کے سینئر سول جج راجہ محمد شعیب کی زیر نگرانی عمل میں لائی گئی ہے۔

تلف کی گئی منشیات سال 2018کے آخری اور رواں سال کے ابتدائی مہینے کے دوران پکڑی گئی تھی جبکہ تھانہ کینٹ،سٹی،کے ڈی اے اور تھانہ بلی ٹنگ میں انکے مقدمات درج کئے گئے تھے اور گزشتہ روزعدالتی فیصلے سامنے آنے کے بعد تھانوں میں موجود ان مقدمات کا مال مقدمہ تلف کیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق کوہاٹ کے سینئیر سول جج راجہ محمد شعیب نے ضلع بھر کے مختلف تھانوں کینٹ،سٹی،بلی ٹنگ اور تھانہ کے ڈی اے میں موجود منشیات کے کیسوں کا مال مقدمہ نذر آتش کرکے تلف کردیا ہے ۔

(جاری ہے)

تلف کی گئی منشیات میں مجموعی طور پر 8715گرام چرس اور 205گرام ہیروئن شامل ہیں جو کہ مختلف اوقات میں پولیس کاروائیوں کے دوران پکڑی گئی تھی اور منشیات رکھنے والے افراد کو گرفتار کرکے انکے خلاف مقدمات درج کرکے عدالتوں میں سماعت کیلئے بھیجے گئے تھے ۔منشیات کے ان کیسوں میں سماعت مکمل ہونے اور عدالتی فیصلے سامنے آنے کے بعد گرفتار ملزمان کو قید وجرمانے کی مختلف سزائیں سنائی گئی اور ساتھ ہی ان مقدمات کا مال مقدمہ تلف کرنے کے احکامات جاری کئے گئے جس پر عملدرآمد یقینی بناتے ہوئے تھانوں میں موجود مال مقدمہ یکجا کرنے کے بعدنذر آتش کرکے تلف کیا گیاہے۔

ا س موقع پر سینئیر سول جج کیساتھ متعلقہ تھانوں کے ذمہ دار پولیس افسران بھی موجود تھے اور تمام قانونی تقاضے پوری کرنے کے بعد منشیات تلف کرنے کی مزکورہ کاروائی عمل میں لائی گئی۔

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں