درہ آدم خیل ،دو فریقین کے مابین خونریز تصادم میں جاں بحق ایک ہی خاندان کے چار افراد کی نمازجنازہ ادا کردی گئی

اتوار 18 اپریل 2021 20:00

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اپریل2021ء) کوہاٹ کے قبائلی سب ڈویژن درہ آدم خیل کے علاقے بوستی خیل میں دو فریقین کے مابین خونریز تصادم کے نتیجے میں جاں بحق باپ اور تین بیٹوں سمیت ایک ہی خاندان کے چار افراد کی نمازجنازہ ادا کردی گئی۔ ایک ہی گھر سے چار افراد کے جنازے نکلنے پر علاقے میں کہرام مچ گیا۔تفصیلات کے مطابق ہفتہ کی شام افطاری سے کچھ دیر پہلے دوفریقین کے مابین اراضی کے تنازعہ نے اٴْس وقت شدت اختیار کرلی جب دونوں فریقین کا درہ آدم خیل کے مین بازار میں آمنا سامنا ہونے پر تکرار ہوئی جس پر دونوں فریقین اپنے علاقے بوستی خیل کی طرف روانہ ہوئے جہاں مبینہ طورپرایک فریق کے افراد نے راستہ روک کر ہاتھ پائی کی اور لڑائی جھگڑا شروع کیا اور نوبت فائرنگ تک جاپہنچی جس کی زدمیں آکر مخالف فریق سے تعلق رکھنے والے ایک ہی خاندان کے چار افراد شدید زخمی ہوئے جن میں باپ عبدالرحمن اور تین جواں سال بیٹے نویدخان‘ فرید اور سعید شامل تھے تاہم چاروں افراد زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسے۔

(جاری ہے)

فائرنگ کے تبادلے میں دوسرے فریق کے دو افرادملک زرمحمد اور نذرمحمد بھی زخمی ہوگئے جنہیں کوہاٹ ڈویژنل ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ اس المناک واقعہ کے بعد علاقے میں کشیدگی کے باعث مقامی رہنماؤں اور پولیس نے پہنچ کر حالات پر قابو پالیا اور دونوں فریقین کے مابین فائربندی کرالی۔اتوار کے روز جاں بحق چاروں افراد کی ایک ہی گھر سے باپ اور تین بیٹوں کے جنازے ایک ساتھ نکلے تو علاقے میں ماحول انتہائی افسردہ تھا اور ہر آنکھ نم تھی۔

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں