کاشتکار کیڑوں کے انسداد کو یقینی بنانے کیلئے سبزیوں کی ہفتہ وار پیسٹ سکائوٹنگ کریں، محکمہ زراعت

جمعہ 10 اپریل 2020 15:53

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اپریل2020ء) محکمہ زراعت پنجاب کے ترجمان نے سبزیوں کے کاشتکاروں کوہدایت کی ہے کہ وہ موسم گرما کی سبزیوں کی ہفتہ وار پیسٹ سکائوٹنگ کریں اور ضرر رساں کیڑوں کے بروقت انسداد کو یقینی بنائیں۔ترجمان نے بتایا کہ کدو کی لال بھونڈی گھیا کدو، کھیرا، تربوز، خربوزہ ، حلوہ کدو اور دیگر بیلدار سبزیات پر حملہ آور ہوتی ہے۔

لال بھونڈی بیل والی سبزیوں کے پودے اگنے سے لے کر فصل کے آخرتک حملہ آور رہتی ہے اور پودوں کے پتوں کو کھا کر چٹ کرجاتی ہے۔ لال بھونڈی کے انسداد کے لیے گھریلو یا چھوٹے پیمانے پر کاشتہ سبزیوں میں صبح کے وقت بھونڈیوں کو ہاتھ یا دستی جال سے پکڑ کر تلف کیا جائے ۔کیمیائی انسداد کے لیے پرمیتھرین زہر 0.5فیصد ڈی بحساب 3کلوگرام زہر 10تا15کلوگرام راکھ میں ملا کر صبح کے وقت جب پتوں پراوس موجود ہو دھوڑا کیا جائے یا سائپر میتھرین زہر بحساب ایک لیٹر فی ایکڑ سپرے کیا جائے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے مزید بتایا ہے کہ سفید مکھی بینگن ، بھنڈی توری، مرچ ، خربوزہ ، ٹماٹر ، گھیاتوری اور گھیا کدو پر حملہ آور ہوتی ہے بالغ اور بچے پتوں کی نچلی سطح سے رس چوستے ہیں اور ان پر میٹھا لیسدار رس خارج کرتے ہیں جس پرپودوں کے مختلف حصوں پر سیا ہ الی لگ جاتی ہے اور پتوں میں خوراک بنانے کا عمل متاثر ہوتا ہے۔ مزید برآں سفید مکھی کی کچھ نسلیں سبزیوں میں وائرسی بیماریوں کے پھیلائو کا باعث بھی بنتی ہیں۔

کاشتکار سفید مکھی کے انسداد کے لیے سبزیوں کے کھیتوں کو جڑی بوٹیوں سے صاف رکھیں ، وائرس زدہ پودوں کو زمین سے جڑ سمیت اکھاڑ کر کھیت سے دور تلف کریں یا زمین میں دبا دیں۔جب سفید مکھی کے 5بالغ یا بچے یا دونوں ملا کر پانچ فی پتہ ہوجائیں توکیمیائی انسداد کے لیے امیڈا کلو پرڈ زہر بحساب 250ملی لیٹر فی ایکڑ یا ڈایا فینتھو ران زہر بحساب 200سے 260 ملی لیٹر فی ایکڑ سپرے کیے جائیں ۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں