عمران خان کی کامیابی سے دنیا میں پاکستان کا امیج بہتر،

اقتصادی تبدیلیوں کی امید بندھ گئی توقع ہے کہ نئی حکومت فرنیچر کے شعبے کے فروغ کے لیے دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی چیف ایگزیکٹو پی ایف سی میاں محمدکاشف اشفاق

ہفتہ 18 اگست 2018 12:01

عمران خان کی کامیابی سے دنیا میں پاکستان کا امیج بہتر،
لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2018ء) پاکستان فرنیچر کونسل (پی ایف سی) کے چیف ایگزیکٹو میاں محمد کاشف اشفاق نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو طویل سیاسی جدوجہد کے بعد وزیر اعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ ان کی متحرک قیادت میں ملک جلد ہی اقتصادی بحالی کی راہ پر ہوگا۔توقع ہے کہ نئی حکومت فرنیچر کے شعبے کے فروغ کے لیے دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی ۔

گذشتہ روز جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ عمران کی تاریخی کامیابی نے نہ صرف اقوام عالم میں پاکستان کا امیج بہتر بنایا ہے بلکہ اقتصادی تبدیلیوں کی امید بھی بندھ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری کو یقین ہے کہ عمران خان معیشت میں اہم شراکت دار نجی شعبے کے ساتھ مشاورت کے بعد نئی اقتصادی پالیسیاں متعارف کرائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اگرچہ توانائی کی قلت کا فوری طور پر کوئی حل نہیں ہے تاہم نئی حکومت لیکیج بند اور گورننس کے مسائل پر قابو پا کر بجلی کی قلت میں کم از کم 30 فی صد تک کمی لانے میں کامیاب ہوسکتی ہے جس سے بے روزگاری کا گراف کم کرنے اور لاء اینڈ آرڈر کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

عمران خان کو بزنس کمیونٹی کی طرف سے ہر ممکن حمایت کا یقین دلاتے ہوئے میاں محمدکاشف اشفاق نے کہا کہ عمران خان نے تاریخ ساز کامیابی حاصل کی ہے اورپوری دنیا میں ان کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا جارہا ہے جس نے غیر ملکی اور مقامی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کیا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافے کے ساتھ دنیا بھر، خاص طور پر خطے کے ممالک کے ساتھ اقتصادی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ مؤثر طریقے سے حکومتی ادارے چلانے کے لیے عمران خان دیانتدار، محنتی اور باصلاحیت افسران کا تقرر کریں گے اور ان کی حکومت پاکستان میں فرنیچر کے شعبے کو فروغ دینے کے لیے تمام دستیاب وسائل کا استعمال کرے گی جسے گذشتہ ادوار میں بری طرح نظر انداز کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ مقامی فرنیچر اور منسلکہ مصنوعات کی عالمی مارکیٹوں میں زیادہ سے زیادہ رسائی کے لیے حکومتی اور نجی شعبے کو جدید تقاضوں کے مطابق مشترکہ کوششیں کرنا ہونگی، پاکستانی فرنیچر کی صنعت میں اتنی صلاحیت ہے کہ حکومتی سرپرستی ہو تو 2 سے 3 سال کے اندر اس کا حجم دوگنا کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مارکیٹ کے حالات اور اس صنعت کی ضروریات کو کو مکمل طور پر سمجھنے اور اس کی ترقی و فروغ کے لئے اقدامات کے لیے حکومت کو اس شعبے کے ساتھ مسلسل قریبی رابطہ رکھنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت فرنیچر سیکٹر کے فروغ کے لیے تجارتی میلوں میں شرکت کو فروغ دے اور آسان اور آسانی سے قابل حصول گرانٹس کو یقینی بنائے تاکہ دنیا بھر میں پاکستانی فرنیچر مصنوعات کی برآمدات کو بڑھایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ چنیوٹ، گجرات اور گوجرہ کے کندہ کاری والے فرنیچر کی دنیا بھر میں مانگ کو بڑھانے کیلئے حکومتی سرپرستی کی ضرورت ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں