شادانی دربار میر پور میتھلو کی تقریبات میں شرکت کیلئے بھارت سے 209 ہندو یاتریوں کا وفدپاکستان پہنچ گیا

بدھ 5 دسمبر 2018 17:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 دسمبر2018ء) ہندو دھرم کے تاریخی شادانی دربار میر پور میتھلو کی تقریبات میں شرکت کے لیے بھارت سے یودھشٹرلال کی قیادت میں 209 ہندو یاتری کا وفدواہگہ بارڈر کے راستے پیدل پاکستان پہنچ گیا۔ واہگہ بارڈر پر سیکرٹری بورڈ طارق وزیر ،ڈپٹی سیکرٹری فرار عباس،پی آر او عامر حسین ہاشمی سمیت بورڈ افسران اور ہندو رہنمائوں نے یاتریوں کاپاکستان آمد پر استقبال کیا ،وفد کے لیڈر یودھشٹر لال نے واہگہ بارڈر پر میڈیا کے نمائندوں سے پاکستان پہنچنے پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہم امن بھائی چارے اورمحبت کا پیغام لیکر آئے ہیں اس مرتبہ پہلے سے زیادہ ہندو یاتری پاکستان آئے ،219یاتریوںنے ویزہ کے درخواست دی تھی جس میں سے 209یاتری پاکستان آئے جو کہ پچھلی مرتبہ کی نسبت سب سے زیادہ تعدا د ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ پاکستان میں ہمارے عبادت گاہیں محفوظ ہیں ،اور ہمیں یہاں ہر قسم کی مذہبی آزادی حاصل ہوتی ہے ۔ہم پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے دعا گو ہیں ۔ سیکرٹری بور ڈ طارق نے وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیر نور الحق قادری اور چیئرمین بورڈ طاہر احسان کی طرف سے ہندو یاتریوں کو خوش آمدید کہا اور انکا استقبال کیا انہوںنے کہا کہ ہندو یاتریوں کی سیکورٹی ،رہائش ، لنگر سمیت دیگر تمام تر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں ۔

ڈپٹی سیکرٹری شرائنز سید فراز عباس نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ ہندویاتریوںکی مہمان نوازی کے لیے فول پروف سیکورٹی سمیت تمام تر انتظامات مکمل ہیں ،ہندو یاتری بذیعہ ٹرین میر پور میتھلو سندھ روانہ ہوگئے جہاں پر 6دسمبر کو مرکزی تقریب شادانی دربار میں منعقد ہو گی ہندو یاتری دریائے سند ھ میں موجود قدیمی عبادت گاہ سادھو بیلہ مندر میں پوجا پاٹ کے ساتھ ساتھ دیگر عبادت گاہوں پر حاضری دیں گے۔واہگہ بارڈر پر بھارت سے آئے یاتری ڈاکٹر مہر چند،سودام چند ،شنکر لال شادانی و دیگر نے بھی پاکستان پہنچنے پر خوشی کا اظہار کیا اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے ۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں