معیار پر سمجھوتہ کرنے والے ادارے تباہ ہوجاتے ہیں، وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی

جمعرات 14 نومبر 2019 21:02

لاہور۔14 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 نومبر2019ء) وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر نیازا حمد اختر نے کہا ہے کہ معیار پر سمجھوتہ کرنے والے ادارے تباہ ہو جاتے ہیں اور دوسرے ادارے ان کی جگہ لیتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب یونیورسٹی انسٹی ٹیوٹ آف کوالٹی اینڈ ٹیکنالوجی مینجمنٹ کے زیر اہتمام کوالٹی انہانسمنٹ سیل کے اشتراک سے ورلڈ کوالٹی ڈے پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر منیجنگ ڈائریکٹر ہائر ایجوکیشن کمیشن کوالٹی اشورنس ایجنسی ڈاکٹر نادیہ طاہر، ڈاکٹر ناصر سعید ،ڈائریکٹر انسٹی ٹیوٹ آف کوالٹی اینڈ ٹیکنالوجی مینجمنٹ ڈاکٹر عثمان اعوان ، ڈائریکٹر کوالٹی انہانسمنٹ سیل پروفیسر ڈاکٹر محمد شفیق، فیکلٹی ممبران اور طلبائو طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

اپنے خطاب میں وائس چانسلر پروفیسر نیاز احمد نے کہا کہ معاشی و سماجی تبدیلی کیلئے اعلیٰ تعلیم پر زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری ضروری ہے۔

وائس چانسلر نے کہا کہ انہوں نے 2001میںپہلی بار یونیورسٹی کی سطح پر کوالٹی کا تصور روشناس کروایا اور انسٹی ٹیوٹ آف کوالٹی اینڈ ٹیکنالوجی مینجمنٹ قائم کیا۔ انہوں نے کہا کہ انسٹی ٹیوٹ آف کوالٹی اینڈ ٹیکنالوجی مینجمنٹ کے قیام کا مقصد سروسز اور مینوفیکچرنگ کے شعبوں میں معیار کو بہتر بنانا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری معیشت کا 70فیصد سروسز سیکٹر پرمبنی ہے اس لئے معیاری گرایجوئیٹس پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ معیاری اشیاء کی پیداوار کیلئے معیاری خام مال ہونا چاہیے ،باصلاحیت طلباء کی پیداوار کیلئے ایلیمنٹری اور سیکنڈری سطح پر کمیشن قائم کیا جانا چاہیے ۔ انہوں نے طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ گروپ تشکیل دیں ، اپنے شعبوں میں مشکلات کا پتہ کریں اور ان کا حل تلا ش کرکے ان کا کاروباری ماڈل بنائیں۔انہوں نے کہا کہ ایسے تمام منصوبوں کے لئے پنجاب یونیورسٹی فنڈفراہم کریگی۔

انہوں نے طلباء پر زور دیا کہ اعلیٰ اخلاقی اقدار اور معیار ان کی شخصیت کا نمایاں پہلو ہونا چاہیے۔ ڈاکٹر نادیہ طاہر نے کہا کہ کوالٹی کے کلچر اور شعور کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن کوالٹی اشورنس ایجنسی نے یونیورسٹیوں میں اعلیٰ تعلیم میں بہتری کیلئے اقدامات کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیوں کا معیار تعلیم بہتر کرنے کیلئے کوالٹی انہانسمنٹ سیلز قائم کئے گئے۔

ڈاکٹر ناصر سعید نے کہا کہ عام آدمی کا معیار زندگی بہتربنانے کیلئے اقدامات کرنا ہوں گے کیونکہ ہر انسان خوشگوار ماحول کا حقدار ہے۔ ڈاکٹر عثمان اعوان نے کہا کہ انسٹی ٹیوٹ آف کوالٹی اینڈ ٹیکنالوجی مینجمنٹ سروسز اور پیداوری شعبوں میں بہتری پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا انسٹی ٹیوٹ آف کوالٹی اینڈ ٹیکنالوجی مینجمنٹ ملک میں سماجی و اقتصادی ترقی کیلئے کام کر رہا ہے۔ انہوں نے انسٹیٹیوٹ آف کوالٹی اینڈ ٹیکنالوجی مینجمنٹ میں میرٹ پر فیکلٹی ممبران تعینات کرنے پر وائس چانسلر پروفیسر نیازا حمد کا شکریہ ادا کیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں