جشن آزادی کے موقع پر ہوائی فائرنگ ، آتش بازی ، لائوڈ اسپیکر ایکٹ کے خلاف ورزی کسی صورت قابل قبول نہیں ‘کلیم امام

حساس اضلاع میں اے کیٹیگری کی آزادی تقاریب کا سکیورٹی پلان ڈی پی اوز اپنی نگرانی میں تشکیل دیں ، سکیورٹی کے حوالے سے وضع کردہ ایس او پیز پر عمل در آمد اور اسکی موثر مانیٹرنگ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے ‘آئی جی پنجاب

جمعہ 10 اگست 2018 18:44

جشن آزادی کے موقع پر ہوائی فائرنگ ، آتش بازی ، لائوڈ اسپیکر ایکٹ کے خلاف ورزی کسی صورت قابل قبول نہیں ‘کلیم امام
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اگست2018ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر سید کلیم امام نے کہا ہے کہ جشن آزادی کے موقع پر ہوائی فائرنگ ، آتش بازی ، لائوڈ اسپیکر ایکٹ کے خلاف ورزی کسی صورت قابل قبول نہیں لہذا تمام اضلاع میں پولیس افسران پٹرولنگ سکواڈز کے ساتھ ساتھ سپیشل موٹر سائیکل اسکواڈبھی تشکیل دیں جو 13اگست کی رات سے باقاعدہ شفٹوں میں سڑکوں پر ڈیوٹی سر انجام دیںاور قانون کی خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف فی الفور کاروائی عمل میں لائے ،حساس اضلاع میں اے کیٹیگری کی آزادی تقاریب کا سیکیورٹی پلان ڈی پی اوز اپنی نگرانی میں تشکیل دیں اور سیکیورٹی کے حوالے سے وضع کردہ ایس او پیز پر عمل در آمد اور اسکی موثر مانیٹرنگ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے ،سڑکوں پر ون ویلنگ ، سلنسر اتار کر غل غپاڑہ اور ہلڑ بازی کرنے والے نوجوانوں کے خلاف بلا امتیاز سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں سینئر پولیس افسران کوہدایات دیتے ہوئے کیا ۔ اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی اسٹیبلشمنٹ اظہر حمید کھوکھر، ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس طارق مسعود یٰسین ،ایڈیشنل آئی جی انویسٹی گیشن ابو بکر خدا بخش، ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹر شہزادہ سلطان، ڈی آئی جی ایلیٹ افضل بٹ، ڈی آئی جی ڈی اینڈ آئی سرفراز فلکی ، ڈی آئی جی لیگل عبد الرب چوہدری ، ڈی آئی جی ٹریننگ مرزا فرحان بیگ، ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ بابر بخت قریشی ، ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سعد اختر بھروانہ سمیت دیگر افسران موجود تھے ۔

اجلاس میں اے آئی جی آپریشن عمران محمود نے آئی جی پنجاب کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ صوبہ بھر میں یوم آزادی کے موقع پر ہونے والی تقریبات کی سیکیورٹی کیلئی26399افسران واہلکار ڈیوٹی سر انجام دیں گے جن میں 245ایس پیزاور ڈی ایس پیز ، 530انسپکٹرز، 3495سب انسپکٹرزاور اے ایس آئی ، 18012ہیڈ کانسٹیبلز ، کانسٹیبلز جبکہ 4392پولیس قومی رضاکاربھی سیکیورٹی ڈیوٹی پر مامور ہونگے۔

انہوں نے مزید کہا کہ تقریبات کی سیکیورٹی کیلئے 142واک تھرو گیٹس، 2942میٹل ڈٹیکٹراور 1000سے زائد سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب کئے جائیں گے ۔صوبہ بھر میں جشن آزادی کی تقریبات کی سیکیورٹی کیلئے آئی جی پنجاب نے افسران کو ہدایت دیتے ہوئے مزید کہا کہ جشن آزادی کے موقع پر تفریح گاہوں ، پارکوں سمیت دیگر پبلک مقامات کی سیکیورٹی کو بھی یقینی بنایا جائے۔

بڑے پارکوں کے گرد و نواح میں ڈولفن ، پیرو اور دیگر پٹرولنگ فورسز کے دورانئے کے اوقات کار کو مزید بڑھایا جائے اور پارکنگ ایریاز کی سیکیورٹی کا بھی موثر انتظام کیا جائے تاکہ شہری جشن آزادی کی خوشیاں بلا خوف و خطر قومی جذبے کے ساتھ منا سکیں ۔ مزید برآں آئی جی پنجاب ڈاکٹر سید کلیم امام نے سنٹرل پولیس آفس کی کھلی کچہری میں آنے والے شہریوں کی شکایات خود سنیں اور شکایات کے حل کے لیے موقع پر ہی متعلقہ افسران کو احکامات جاری کئے ۔

اس موقع پراے آئی جی کمپلینٹس علی جاوید ملک اور پی ایس ٹو آئی جی افضال احمد کوثر بھی انکے ہمراہ تھے۔آئی جی پنجاب نے رشیداں بی بی کی درخواست پرمرحوم پولیس اہلکار کے بیٹے کی فیملی کوٹہ پر بھرتی کیلئے ڈی آئی جی ویلفیئر کو احکامات دئیے جبکہ اوکاڑہ سے سائلہ منیرہ بانو کی درخواست پر مقدمہ قتل کی تفتیش ایڈیشنل آئی جی انویسٹی گیشن کو اپنی نگرانی میں کروانے کا حکم دیا۔

آئی جی پنجاب نے دیگر سائلین کے مسائل بھی فردا فردا سنتے ہوئے متعلقہ افسران کو احکامات جاری کئے ۔انہوں نے اے آئی جی کمپلینٹس علی جاوید ملک کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ عوامی شکایات کے تدارک میں غفلت یا کوتاہی کے مرتکب افسران کے خلاف سخت محکمانہ کاروائی عمل میں لائی جائے اور شہریوں کی شکایات کا ازالہ ہر صورت ترجیحی بنیادوں پریقینی بنایا جائے ۔یہ امر قابل ذکرہے کہ آئی جی پنجاب عوام کے مسائل کے فوری حل کے لیے کمپلینٹ سنٹر کو ہفتے کے ساتوں دن آپریشنل بنانے کا حکم بھی دے چکے ہیں ۔ آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ سائلین کسی بھی مسئلے یا شکایت کے ازالے کیلئے مجھ سے بھی براہ راست رابطہ کرسکتے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں