عمران خان نے مشکل ترین وقت میں ترکی کا بھرپورساتھ دینے کا اعلان کردیا

پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے ترک زبان میں کئیے گئے ٹوئیٹ نے کروڑوں دل جیت لئیے

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس منگل 14 اگست 2018 20:12

عمران خان نے مشکل ترین وقت میں ترکی کا بھرپورساتھ دینے کا اعلان کردیا
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار-14 اگست 2018ء) :عمران خان نے مشکل ترین وقت میں ترکی کا ساتھ دینے کا اعلان کردیا۔ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے ترک زبان میں کئیے گئے ٹوئیٹ نے کروڑوں دل جیت لئیے۔تفصیلات کے مطابق اس وقت ترکی سنگین معاشی بحران کا شکار ہے۔اسے دیگر عالمی قوتوں کی مخالفت کا سامنا ہے جس کے بعد اسے متعدد پابندیوں کا سامنا کرنا پڑرہا ۔

اس ساری صورتحال کے بعد ترکی کی معاشی صورتحال بہت بگڑ چکی ہے۔اس صورتحال کے بعد چین اور ایران نے ترکی کی مکمل حمایت کرتے ہوئے ترکی کی مقامی کرنسی میں ترکی کے ساتھ تجارت کرنے کی منظوری دی ہے۔تاہم ترکی کی معاشی صورتحال تاحال ہچکولے کھا رہی ہے جس کے بعد دنیا بھر سے ترکی کے دوست ممالک کی جانب سے ہمدردی اور یکجہتی کے پیغامات آرہے ہیں۔

(جاری ہے)

پاکستان اور ترکی کے تعلقات تاریخی رشتوں سے وابستہ ہے ۔گزشتہ دور حکومت میں پاکستان اور ترکی کے برادرانہ تعلقات کو ایک نئی اڑان بھی ملی۔حکومت تبدیل ہو جانے کے بعد بھی پاکستان کی نظر میں ترکی کی عزت کم نہیں ہو سکی ۔اس مشکل حالات میں بھی پاکستان نے کھل کر ترکی کا ساتھ دینے کا اعلان کیا ہے ۔اس حوالے سے ممکنہ وزیراعظم نے اپنے پیغام میں ترکی قوم کے لیے کہا کہ میں جناب اردگان اور ترک عوام کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ میری اور میری قوم کی دعائیں انکے ساتھ ہیں۔

ہمیں قوی یقین ہے کہ ترکی درپیش سنگین اقتصادی بحران سے بھی کامیابی سے نمٹ لے گا کیونکہ تاریخ شاہد ہے کہ ترکوں نے ہمیشہ مشکلات کو للکارا ہے اور ہر آزمائش میں سے سرخرو ہوکر نکلے ہیں۔تاہم اس پیغام کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے آفیشل اکاونٹ سے بھی ترکی کی حمایت میں ٹوئیٹ کیا گیا۔
اس ٹوئیٹ کی خاص بات یہ تھی کہ یہ اردو یا انگریزی میں نہیں بلکہ ترک زبان میں تھا۔

اس ٹوئیٹ کے ذریعے پاکستانی اکثریتی جماعت نے ترک عوام کو پیغام دیا ہے کہ پاکستان ہر حال میں ان کے ساتھ ہے اور انکو اکیلا چھوڑنے والا نہیں ہے۔اس ٹوئیٹ سے نہ صرف دونوں ملکوں کے دوستانہ تعلقات میں اضافہ ہوگا بلکہ ترک عوام کے دلوں میں پاکستان کے لیے عزت و احترام کا رشہ بڑھے گا،یاد رہے کہ اس سے پہلے بھی تحریک انصاف کی جانب سے اکثریت حاصل کرنے کے بعد چینی زبان میں ٹوئیٹ کئیے گئے تھے جو ایک نئی روایت تھی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں