ماہ محرم میں امن کا قیام یقینی بنانے کیلئے پوری قوم اتحاد کا مظاہرہ کرے‘اعجا زچوہدری

نواسہ رسولؐ کی قربانی انسانیت پر وہ احسان عظیم ہے جس کی مثال تاقیامت پیش نہ کی جاسکے گی

منگل 18 ستمبر 2018 19:00

ماہ محرم میں امن کا قیام یقینی بنانے کیلئے پوری قوم اتحاد کا مظاہرہ کرے‘اعجا زچوہدری
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 ستمبر2018ء) تحریک انصاف کے سینئر مرکز ی رہنمااعجازاحمد چوہدری نے کہاہے کہ محرم الحرام ہمیں امن،اخوت بھائی چارے اور صبر کا درس دیتا ہے، ماہ محرم میں امن کا قیام یقینی بنانے کیلئے پوری قوم اتحاد کا مظاہرہ کرے، واقعہ کربلا تاریخ انسانی کا ایک دلخراش واقعہ ہی نہیں بلکہ ظلم بربریت اور درندگی کی ایک ایسی داستان ہے جسے کبھی فراموش نہیںکیا جاسکتا۔

اپنے ایک بیان میں انہوںنے کہاکہ نفاذ عدل اور انسان کے بنیادی حقوق کی بحالی کیلئے نواسہ رسول ؑ نے جو لازوال قربانی دی وہ مسلمانوں کیلئے تاقیامت مشعل راہ رہے گی، محرم الحرام شہادتوں حق گوئی اور باطل کے خلاف ڈٹ جانے کا عظیم درس دیتا ہے جس پر عمل کرنے سے انسانوں کی بقاء سلامتی اور اقوام عالم میں اتحاد و یگانگت کا جذبہ زندہ رہ سکتا ہے، اتحاد امت کیلئے ہم سب کومتحد ہوکر میدان میں نکلنا ہوگا۔

(جاری ہے)

ملک دشمن قوتیں فرقہ واریت پھیلاکر وطن عزیز کو غیر مستحکم کرنا چاہتی ہیں پاکستان کو پر امن، مستحکم بنانے کیلئے،امن،محبت،بھائی چارہ کی فضاء کو قائم کرنا ہوگا۔انہوں نے مزید کہاکہ نواسہ رسولؐ کی قربانی انسانیت پر وہ احسان عظیم ہے جس کی مثال تاقیامت پیش نہ کی جاسکے گی،حضرت امام حسینؓ کی تعلیمات امت مسلمہ کے لئے مشعل راہ ہیں۔ اگر تمام مسلمان حضرت امام حسینؓ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوں تو تمام دنیاوی مسائل سے چھٹکارہ حاصل کیا جاسکتا ہے۔ حضرت امام حسینؓ نے اسلام کی سربلندی کے لئے کربلا کے میدان میں اپنے خاندان کے ہمراہ اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں