غیر ملکیوں کو پاکستان کے سیاحتی مقامات سے آگاہی کیلئے سفارتخانوں کے ذریعے تشہیر کی پالیسی بنائی جائے ‘ سی ای او کوتھم

سیاحت کے فروغ کیلئے باقاعدہ پالیسی بناکر مجموعی قومی آمدن میں کئی گنا اضافہ کیا جا سکتا ہے ‘احمد شفیق سے وفد کی ملاقات

اتوار 23 ستمبر 2018 12:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 ستمبر2018ء) غیر ملکی سیاحوں کو پاکستان کے خوبصورت مقامات سے آگاہی دینے کیلئے ڈاکو منٹریز بنا کر سفارتخانوں کے ذریعے تشہیر کی پالیسی بنائی جائے ،پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد بیرون ممالک سیاحت پر کروڑوں روپے خرچ کرتی ہے جنہیں اپنے سیاحتی مقامات کی جانب راغب کرنے کیلئے خصوصی پیکج متعارف کرانے کی ضرورت ہے ۔

ان خیالات کا اظہار کالج آف ٹور ازم اینڈ ہوٹل مینجمنٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر احمد شفیق نے نوجوانوں کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں ایسے بے شمار مقامات ہیں جن کی خوبصورتی کا دنیا میں کہیں مقابلہ نہیں لیکن بد قسمتی سے نہ صرف بیرون ممالک بلکہ یہاں کے سیاحوں کو بھی ان مقامات سے آگاہی حاصل نہیں۔

(جاری ہے)

سیاحت کے فروغ کیلئے باقاعدہ پالیسی بنانے کی ضرورت ہے اور اس شعبے کو ترقی دے کر پاکستان اتنے وسائل اکٹھے کر سکتا ہے جس سے ہماری مجموعی قومی آمدن میں کئی گنا اضافہ ہو جائے گا۔ احمد شفیق نے کہا کہ نوجوان بیرون ممالک کی بجائے پاکستان کے سیاحتی مقامات کی سیر کو ترجیح دیں جس سے نہ صرف ان کے اخراجات میں کمی ہو گی بلکہ ملک میں ہوٹلنگ ، ٹرانسپورٹ سمیت دیگر شعبوں کو ترقی ملنے سے روزگار کے مواقع بڑھیں گے۔ انہوںنے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ بیرون ممالک سیاحوں کو آگاہ کرنے کیلئے ڈاکو منٹریز بنا کر سفارتخانوں کے ذریعے تشہیر کی پالیسی بنائی جائے جبکہ مقامی سطح پر بھی الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا میں اس کی آگاہی دی جائے ۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں