نواز شریف کو ڈیل یا ڈھیل نہیں دلیل کے تحت رہائی ملی ہے، شاہ محمد اویس نورانی

پی ٹی آئی نے اقتدار میں آتے ہی عوام کو مہنگائی کا تحفہ دیا ہے۔ دوہری شہریت رکھنے والے زلفی بخاری کو نیب زدہ ہونے کے باوجود وزیراعظم کا معاون خصوصی بنانا دوست نوازی ہے، ترجمان متحدہ مجلس عمل

اتوار 23 ستمبر 2018 20:01

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 ستمبر2018ء) جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل اور متحدہ مجلس عمل کے ترجمان صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی نے کہا ہے کہ نواز شریف کو ڈیل یا ڈھیل نہیں دلیل کے تحت رہائی ملی ہے۔ نواز شریف کو مفروضوں پر سزا دی گئی تھی۔ عدالتیں سیاسی انتقام کا حصہ نہ بنیں۔ پی ٹی آئی نے اقتدار میں آتے ہی عوام کو مہنگائی کا تحفہ دیا ہے۔

دوہری شہریت رکھنے والے زلفی بخاری کو نیب زدہ ہونے کے باوجود وزیراعظم کا معاون خصوصی بنانا دوست نوازی ہے۔ دھاندلی کی تحقیقات کے لئے بنائے جانے والے کمیشن کی سربراہی اپوزیشن کا حق ہے۔ پارلیمانی کمیشن میں سینیٹرز کو بھی شامل کیا جائے۔ منی بجٹ نے عوام کی چیخیں نکلوا دی ہیں۔ تبدیلی کے دعویدار نئے حکمرانوں نے غریبوں کو دن میں تارے دکھا دیئے ہیں۔

(جاری ہے)

پی ٹی آئی کو ووٹ دینے والے پچھتا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے جے یو پی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ شاہ اویس نورانی نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کا منی بجٹ عوام دشمن ہے۔ عوام پر مہنگائی کا بم گرا دیا گیا ہے۔ وزیراعظم نے افغان مہاجرین کو شہریت دینے کا اعلان کر کے غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا ہے۔ حکومت افغان مہاجرین کو شہریت دینے کی بجائے واپس افغانستان بھیجے۔ سی پیک خدشات کی زد میں ہے۔ حکومت سی پیک پر اپنی پالیسی واضع کرے۔ تحریک انصاف کو اقتدار میں لانے کا مقصد سی پیک کا خاتمہ ہے۔ عوام سی پیک کے خلاف کوئی سازش برداشت نہیں کرے گی۔ دھاندلی کی تحقیقات کے لئے پارلیمانی کمیشن کے ٹی او آرز اور ٹائم فریم کا تعین کیا جائے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں