"احتساب سب کے لیے" کا نعرہ ہوا ہونے لگ گیا

پی ٹی آئی ایم پی اے کے بھائی نے ہاؤسنگ اسکیم کی تعمیرمیں قانون کی دھجیاں اڑا دیں

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان پیر 8 اکتوبر 2018 22:03

"احتساب سب کے لیے" کا نعرہ ہوا ہونے لگ گیا
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 08 اکتوبر 2018ء) : پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے احتساب سب کا نعرہ ماند پڑنے لگ گیا۔نئے پاکستان میں پرانے پاکستان کی ایک اور جھلک دیکھنے میں آئی ہے۔ایک طرف غیر قانونی تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری ہے تو دوسری طرف من پسند سیاسی شخصیات کو نوازا جا رہا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق رائیونڈ میں ڈریم ھاؤسنگا سکیم کی لاقانونیت سامنے آئی ہے۔

تحریک انصاف کے ایم پی اے کے بھائی کی ہاؤسنگ اسکیم میں قانون کی دھجیاں اڑا دی گئی ہیں۔اسکیم میں ترقیاتی کاموں کی ذمہ داری چوہان ڈیویلپرز کمپنی کو سونپی گئی۔یہ کمپنی مبینہ طور پر نظیر احمد چوہان کی ملکیت ہے۔رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ ایم پی اے نے سیاسی اثرورسوخ پر غیر قانونی اقدامات شروع کر دیے ہیں۔

(جاری ہے)

ایل ڈی اے قوانین کے برعکس چین کی اشتہاری مہم چلائی جارہی ہے۔

سکیم میں ترقیاتی کاموں کی ذمہ داری چوہان ڈیویلپرز کمپنی کو سونپ دی گئی ہے۔واضح رہے اس سے قبل تحریک انصاف کے رہنما غلام مصطفیٰ کھر سے متعلق بھی خبر سامنے آئی تھی کہ پاکستان تحریک انصافکے رہنما غلام مصطفیٰ کھر کو قصور کے سرحدی علاقہ میں ساتھیوں کے ہمراہ پرندوں کا غیر قانونی شکار کرتے ہوئے پکڑا گیا جس پر انہیں ساتھیوں سمیت گرفتار کر لیا گیا۔

غلام مصطفیٰ کھر اور ان کے ساتھیوں کے خلاف محکمہ وائلڈ لائف نے کارروائی کی تھی جس کے بعد ایک اہم شخصیت کا فون آیا اور انہیں رہا کر دیا گیا۔ کچھ اطلاعات کے مطابق غلام مصطفیٰ کے ہمراہ ان کے 20 سے زائد ساتھی موجود تھے اور انہیں 2 لاکھ روپے جُرمانہ بھی عائد کیا جس کی انہوں نے رہائی سے قبل ادائیگی کی۔غلام مصطفیٰ کھر کی اس طرح رہائی نے کئی سوالات کھڑے کر دئے ہیں جس میں نمایاں اور مرکزی سوال یہی ہے کہ آخر کس اہم شخصیت نے فون کر کے غلام مصطفیٰ کھر کو رہا کرنے کا حکم دیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں