پیپلز پارٹی کا عام ورکرہوں ،کوشش ہو گی گورنر ہائوس عام لوگوں کے لئے کھلا ہو‘ سردارسلیم حیدر

ہفتہ 11 مئی 2024 15:28

پیپلز پارٹی کا عام ورکرہوں ،کوشش ہو گی گورنر ہائوس عام لوگوں کے لئے کھلا ہو‘ سردارسلیم حیدر
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 مئی2024ء) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے کہا ہے کہ میں پاکستان پیپلز پارٹی کا عام ورکر ہوں ،اللہ تعالیٰ نے گورنر بنایا ہے ،میری کوشش ہو گی گورنر ہائوس عام لوگوں کے لئے کھلا ہو،میرے قائد ذوالفقار بھٹو کا جو مشن تھا اس کو جاری رکھیں گے ۔ان خیالات کا اظہارا نہوں نے شاعر مشرق کے مزار پر حاضری کے بعد میڈیا سے گفتگو کر تے ہوئے کیا ۔

رینجرر کے چاق وچوبند دستے نے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر کو سلامی دی ،گورنر پنجاب نے مزار اقبال پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی بعد ازاںمہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلم بند کیے۔سردار سلیم حیدر خان نے داتا دربار اور بی بی پاکدامن کے مزار پر بھی حاضری دی چادر یں چڑھائیں اور فاتحہ خوانی کی ۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے اس موقع پر ملک و قوم کی سلامتی کے لئے خصوصی دعا بھی کی۔

میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ ملکی حالات مشکلات کا شکار ہیں ، ان کو حل کرنا ہماری ذمہ داری ہے ،سیاسی استحکام سب جماعتوں کے ملنے سے آئے گا ۔ انہوںنے کہا کہ ایک پارٹی تو ہٹ دھرمی پر قائم ہے اور اس نے اس پر قائم رہنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت میں جہاں غلطی ہو گی اس کی نشاندہی کروں گا ،گورنر ہاس میں رہ کر عام آدمی کی بات کریں گے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں