بحریہ ٹاون لاہور بھی تجاوازت کے خلاف آپریشن کی زد میں

لاہور کی ضلعی انتظامیہ نے آپریشن کرتے ہوئے بحریہ ٹاون کے مرکز میں متعدد گھر اور دکانیں مسمار کردیں

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس منگل 9 اکتوبر 2018 22:45

بحریہ ٹاون لاہور بھی تجاوازت کے خلاف آپریشن کی زد میں
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار-09 اکتوبر 2018ء) :لاہور کی ضلعی انتظامیہ نے تجاوزات کے خلاف آپریشن کرتے ہوئے بحریہ ٹاون کی مرکزی جامع مسجد کے قرب و جوار میں متعدد گھر اور دکانیں مسمار کردیں۔تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے 2 اکتوبر سے پنجاب بھر میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کررکھا ہے ۔اس آپریشن کے نتیجے میں ہزاروں کنال قیمتی اراضی کو واگزار کروا لیا گیا ہے۔

اس آپریشن کی زد میں اب تک منشا بم اور افضل کھوکھر جیسی تگڑی شخصیات آچکی ہیں۔تاہم اس حوالے سے تازہ ترین خبر یہ ہے بحریہ ٹاون لاہور بھی تجاوازت کے خلاف آپریشن کی زد میں آ چکا ہے۔آج لاہور کی ضلعی انتظامیہ نے بحریہ ٹاون میں تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کے خلاف آپریشن کیا۔جس کے نتیجے میں بحریہ ٹاون کی مرکزی جامعہ مسجد کے بالکل پاس متعدد پلازوں اور گھروں کو مسمار کیا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

یہ تمام جگہ حکومت کی ملکیت تھی تاہم ملک ریاض پر یہ الزام ہے کہ انہوں نے حکومتی جگہ پر قبضہ کیا ہوا ہے۔اس حوالے سے کہا جارہا ہے کہ جامع مسجد کے قریب 73 گھروں کو مسمار کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ 2 اکتوبر سے پنجاب بھر میں تجاوزات ختم کرنے کے لیے آپریشن کے حوالے سے ایک ہفتہ قبل سینئیر وزیر عبدالعلیم خان کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تھا ۔

۔صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت نے اجلاس میں خصوصی طور پر شرکت کی جبکہ اجلاس میں چیف سیکرٹری سمیت دیگر صوبائی سیکرٹری صاحبان اور صوبے بھر کے ضلعی انتظامی افسران نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ سینئر وزیر نے تمام ضلعی افسران کو روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علیم خان کا کہنا تھا کہ کسی ضلع میں کسی قسم کے سیاسی دباو کو خاطر میں نہ لایا جائے،نیت نیک اور ارادہ مضبوط ہو تو ہر ہدف حاصل ہو سکتا ہے، تجاوزات کے خاتمے میں متعلقہ ادارے باہم رابطے کے ساتھ کام کریں۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ اس مہم میں شہریوں کا شعور اجاگر کیا جائے اور عوامی نمائندوں کو شامل کیا جائے، سینئر وزیر کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کے ویزن پر عملدرآمد کے لئے افسران اپنا کردار ادا کریں،کسی قسم کے ناخوشگوار واقعہ سے بچیں اور قانون کا راستہ اختیار کریں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں