شدید مالی مشکلات کے باوجود عوام دوست وٹیکس فری بجٹ دینا حکومت کی کامیابی ہے، میاں محمود الرشید

منگل 16 اکتوبر 2018 22:42

شدید مالی مشکلات کے باوجود عوام دوست وٹیکس فری بجٹ دینا حکومت کی کامیابی ہے، میاں محمود الرشید
لاہور۔16 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2018ء) صوبائی وزیرہائوسنگ میاں محمود الرشید نے مالی سال 2018-19 ء کے صوبہ پنجاب کے بجٹ کو مشکل مالی حالات کے باوجود عوام دوست قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ حکومتوں کی طرف سے قومی خزانے پر غیر ضروری منصوبوں کا بوجھ ہوتے ہوئے بھی ٹیکس فری بجٹ پیش کرنا پی ٹی آئی کی کامیابی ہے، میاں محمود الرشید نے گزشتہ روز پیش کئے گئے صوبائی بجٹ پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کا بجٹ 100روزہ پلان کی صحیح معنوں میں عکاسی کرتا ہے، ماضی کی حکومتوں نے سڑکوں، پلوں اور ٹرینوں کو ترقی کا نام دیکرانسانی ترقی کو نظر انداز کیا جس کی وجہ سے ترقی کا عمل وہ نتائج نہ دے سکا جو ملکی ترقی کیلئے اشد ضروری تھا، پی ٹی آئی کے منشور میں تبدیلی کا اصل مطلب سوشل سیکٹر اور ہیومن ڈویلپمنٹ کو فروغ دینا ہے جس میں تعلیم، صحت، سماجی انصاف، روزگار کے یکساں مواقع اور میرٹ سرِ فہرست ہیں، یہی وجہ ہے کہ تعلیم اور صحت کے شعبوں کیلئے بالترتیب 373 ارب اور284 ارب روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے جبکہ سالانہ ترقیاتی اخراجات کی مد میں 238 ارب کی رقم مختص کرنے کے ساتھ ساتھ ماضی کے غلط فیصلوں کے اثرات زائل کرنے کی کوشش کی گئی ہے، انہوں نے موجودہ بجٹ کو حقیقت پسندانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ سابق وزیرِ خزانہ نے اعداد و شمار کے پردے میں عوام کو گمراہ کن حقائق پیش کئے جبکہ حقیقت میں خزانے پر غیر ضروری قرضوں اور مہنگے منصوبوں کا سایہ تھا، ہائوسنگ کے شعبے کو درپیش مشکلات کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مخصوص شہروں پر باقی صوبے کی رقم خرچ کرنے سے دیہاتوں اور چھوٹے شہروں سے بڑے شہروں کی جانب ہجرت کا کلچر عام ہوا جس کی وجہ سے شہروں کے بے ہنگم پھیلائو اور رہائش کی شدید مشکلات جیسے مسائل نے جنم لیا، ہماری حکومت تمام شہروں کو یکساں سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ ہائوسنگ کی مشکلات کے خاتمے کیلئے بلند نظر منصوبے متعارف کرا رہی ہے جس کے ثمرات عام آدی تک لازمی پہنچیں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں