اسپیکرپنجاب اسمبلی نےتوڑ پھوڑ میں12 ارکان کوملوث قراردے دیا

پنجاب اسمبلی ہنگامہ آرائی میں 6 نہیں بلکہ 12ارکان ملوث، ا سپیشل کمیٹی 16 اکتوبرکو سامان کی توڑ پھوڑ کا تخمینہ لگائے گی،نقصان کا ازالہ ذمہ دران ارکان سے کروایا جائے گا، نواز، شہباز کیخلاف کیسزحکومت نے نہیں نیب نے بنائے ہیں۔اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 23 اکتوبر 2018 18:25

اسپیکرپنجاب اسمبلی نےتوڑ پھوڑ میں12 ارکان کوملوث قراردے دیا
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔23 اکتوبر 2018ء) اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہاہے کہ ایوان میں آئین اور قانون سے بالا تر کسی عمل کی اجازت نہیں دی جاسکتی، ایوان کے وقار کو قائم رکھنا سپیکر کی ذمہ داری ہے، ماضی میں کسی اپوزیشن لیڈر نے سپیکر کے بارے میں ایسی بے ہودہ زبان استعمال نہیں کی جو موجودہ اپوزیشن لیڈر کر رہے ہیں، یہ نہ سوچتے ہیں نہ سمجھتے ہیں، سپیکر اور ارکان اسمبلی کے خلاف نازیبا الفاظ کا استعمال تربیت میں کمی ہے، اپوزیشن کے اپنے دور حکومت میں انکے اپنے سپیکر نے چار مرتبہ تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی کی رکنیت معطل کی جبکہ پی ٹی آئی کے ارکان نے کبھی سپیکر کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کئے اور نہ ہی توڑ پھوڑ کی۔

وہ اسمبلی اجلاس سے پہلے احاطہ اسمبلی میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ایوان میں ہنگامہ کرنے والے ارکان کی تعداد 12 ہے تاہم ابھی چھ کے خلاف کارروائی کی گئی ہے، ایوان کی ا سپیشل کمیٹی 16 اکتوبرکو ایوان میں فرنیچر، مائیک اور ریکارڈنگ کے دیگر آلات کی توڑ پھوڑ کے تخمینہ کیلئے بنائی گئی ہے، نقصان کے ذمہ دار ارکان سے ازالہ کروایا جائے گا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نواز، شہبازشریف کے خلاف کیس عمران خان، وزیر اعلیٰ اور سپیکر نے نہیں بلکہ نیب نے بنائے ہیں۔ نیب نے ان کے خلاف جو ایکشن لیا پنجاب اسمبلی یا حکومت کے وزراء کا اس سے کوئی تعلق نہیں لہٰذا پنجاب اسمبلی میں ان کا ہنگامہ سمجھ سے با لا تر ہے۔ دوسری جانب مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماء اور قائد حزب اختلاف پنجاب اسمبلی میاں حمزہ شہباز نے آج یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب تک ارکان اسمبلی کی عزت اور ایوان کا تقدس بحال نہیں ہوگا ہم اسمبلی میں نہیں جائیں گے اور روز پرویز الٰہی کو بے نقاب کریں گے۔

ایوان کی اصل ویڈیو میں ساری کرسیاں درست پڑی ہوئی ہیں جبکہ اسپیکر کی فوٹیج میں کرسیاں اور میز گرا دیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فیاض الحسن کے منہ سے پھول نہیں جڑھتے ، فیاض الحسن چوہان پہلے کسی اخلاقیات ے ادارے سے تربیت لیکر آئیں پھر بات کریں۔ انہوں نے کہا کہ پرویز الٰہی اسپیکر بننے نہیں آئے بلکہ پی ٹی آئی والوں کو کہتا ہوں کہ یہ سازشیں کرنے آیا ہے۔اس نے نوازشریف اور مشرف کیخلاف بھی سازش کی تھی۔ اس کو کیاضرورت پڑ گئی کہ ڈپٹی وزیراعظم سے اب اسپیکر بن گیا ہے؟پھر کہتا ہوں کہ پنجاب بینک کے ڈاکے کا ذمہ دار پرویز الٰہی ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں