سکولوں میں معیاری تعلیم اور بچوں کی تعلیم تک رسائی یقینی بنائیں گے، ڈاکٹر مراد راس

منگل 20 نومبر 2018 21:41

سکولوں میں معیاری تعلیم اور بچوں کی تعلیم تک رسائی یقینی بنائیں گے، ڈاکٹر مراد راس
لاہور۔20 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 نومبر2018ء) صوبائی وزیر تعلیم برائے سکول ایجوکیشن ڈاکٹر مراد راس نے کہا ہے کہ بچوں کی تعلیم تک رسائی اور ان کے تعلیم جاری رکھنے کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات کریں گے، سکولوں میں اعلیٰ معیار تعلیم کو یقینی بنانے کیلئے ٹیچرز ٹریننگ پروگرام اور میرٹ پر اساتذہ کی تقرری یقینی بنائیں گے، وہ پنجاب یونیورسٹی ادارہ تعلیم و تحقیق کے زیر اہتمام تعلیم میں تحقیق پر چھٹی بین الاقوامی کانفرنس کے افتتاحی سیشن سے خطاب کر رہے تھے، تقریب میں پنجاب یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظفر معین ناصر، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد، ڈین فیکلٹی آف ایجوکیشن پروفیسر ڈاکٹر ممتاز اختر، ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف ایجوکیشن اینڈ ریسرچ پروفیسر ڈاکٹر رفاقت علی اکبر، چئیرمین شعبہ سیکنڈری ایجوکیشن پروفیسر ڈاکٹر عابد حسین چوہدری، سیکرٹری ڈاکٹر شاہد فاروق، ڈاکٹر عبدالقیوم چوہدری، امریکہ، برطانیہ ، متحدہ عرب امارات، سعودی عرب، جرمنی، ملائیشیا، آسٹریلیا، موریشس اور نیوزی لینڈ سے محققین اور طلباء و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر مراد راس نے کہا کہ اول جماعت سے پانچویں جماعت تک تعلیم اردو زبان میں دی جائیگی جبکہ انگریزی کو بطور ایک مضمون پڑھایا جائیگا، انہوں نے کہا کہ تخلیقی سوچ پیدا کرنے اور سمجھنے کیلئے اپنی زبان میں پڑھنا ضروری ہے اور ملک اور بچوں کے مستقبل کیلئے ایسا کرنا پڑیگا اور اس سلسلے میں تمام متعلقہ سٹیک ہولڈرز کی رہنمائی درکار ہے، انہوں نے کہا کہ حکومت سکولوں کی کمی کو پورا کریگی اور سکولوں میں دوپہر کی کلاسز کا آغاز کیا جا رہا ہے اور یہ تجربہ کامیاب رہیگا، انہوں نے کہا کہ آئندہ 90 دنوں میں سکول ایجوکیشن سے منسلک تمام شعبوں کا ڈیٹا بینک تیار کیا جا رہا ہے اور ایک مربوط نظام کے تحت تمام شعبے ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کریں گے، انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نظامِ تعلیم کی از سر نو تشکیل دے رہی ہے ، انہوں نے کہا کہ ادارہ تعلیم و تحقیق کے طلباء و طالبات بہترین اساتذہ بنیں گے اور ملک کا مستقبل ان سے وابستہ ہے، طلباء وطالبات ایک سال کیلئے بچوں کو پڑھائیں ، حکومت ان کی بہتری کیلئے بھی اقدامات کریگی، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر ظفر معین ناصر نے کہا کہ موجودہ حکومت تعلیم کے شعبے میں سنجیدہ اقدامات کرتی دکھائی دے رہی ہے، وائس چانسلر پروفیسر نیاز احمد نے کہا کہ معیار تعلیم کو بہتر بنانے کیلئے معیاری اساتذہ اور جدید نصاب کی فراہمی اہمیت کی حامل ہے، انہوں نے کہا کہ تعلیمی پروگرامز میں اعلیٰ معیار یقینی بنانے کیلئے ایکریڈیٹیشن کونسلز سے منظور ہونا ضروری ہے، انہوں نے کہا کہ اعلیٰ تعلیمی اداروں کا بنیادی مقصد نئے علم کی تخلیق، نالج ٹرانسفر اور بچوں میں اعلیٰ اقدار کو فروغ دینا ہے، انہوں نے کہا کہ جو تعلیمی ادارہ معیار تعلیم کو بہتر بنانے پر توجہ نہ دے اس پر دوسرے ادارے حاوی ہو جاتے ہیں، روزگار کی فراہمی ایک اہم مسئلہ ہے جس سے نمٹنے کیلئے انٹریپنور کلچر کو فروغ دینا چاہئے، انہوں نے کانفرنس میں شرکت کرنے والے محققین سے درخواست کی کہ وہ نظام تعلیم کے تمام شعبوں میں بہتری کیلئے سفارشات پیش کریں تاکہ ملک و قوم کی ترقی میں پنجاب یونیورسٹی اپنا کردار ادا کر سکے، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر رفاقت علی اکبرنے کہا کہ کانفرنس میں 255 تحقیقی مقالہ جات پیش کئے جا رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ یہ کانفرنس تعلیم کے شعبے میں نئی جہتوں سے روشناس ہونے اور ایک دوسرے کی تحقیقات اور تجربات سے استفادہ کرنے کا بہترین موقع ہے، کانفرنس کے مختلف سیشنز 22 نومبر تک جاری رہیں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں