ہندو مذہب کے تہوار مہاشیو پوجا اور قدیمی استھان راج یاترا کیلئے 130 ہندو یاتری واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان پہنچ گئے

اتوار 9 دسمبر 2018 17:20

لاہور۔9 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 دسمبر2018ء) ہندو مذہب کے تہوار مہاشیو پوجا اور قدیمی استھان راج یاترا کی تقریبات کیلئے 130 ہندو یاتری واہگہ بارڈر کے راستے پیدل پاکستان پہنچ گئے‘ واہگہ بارڈر پر سیکرٹری بورڈ طارق وزیر‘ ڈپٹی سیکرٹری فراز عباس‘ پی آر او عامر حسین ہاشمی سمیت بورڈ افسران اور ہندو رہنمائوں نے یاتریوں کا پاکستان آمد پر استقبال کیا اور پھولوں کے گلدستے پیش کئے‘ہندو یاتریوں کے وفد کے جتھا لیڈر شیوپرتاب بجاج نے واہگہ بارڈر پر میڈیا کے نمائندوں سے پاکستان پہنچنے پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ قدیمی کٹاس راج مندر ہندو مذہب و عقیدے کا اہم جز ہے‘ پاکستان میں ہندو اور سکھ یاتریوں کی مہمان نوازی پوری دنیا کیلئے امن کا پیغام ہے‘ دونوں ملکوں کا کلچر اور عوام ایک جیسے ہیں‘ یاتریوں کیلئے دونوں کے ملکوں کی سرحدی پابندی ختم ہونی چاہئے تاکہ باآسانی یاترا کرسکیں‘ ہر مرتبہ بہت سے یاتری پاکستان آنے سے رہ جاتے ہیں‘ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں ہمارے عبادت گاہیں قدیمی ہیں جن کو محفوظ رکھا گیا ہے اور ہمیں یہاں ہر قسم کی مذہبی آزادی حاصل ہوتی ہے‘ ہم پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے دعا گو ہیں‘ سیکرٹری بورڈ طارق وزیر نے وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیر نور الحق قادری اور چیئرمین بورڈ طاہر احسان کی طرف سے ہندو یاتریوں کو خوش آمدید کہا اور ان کا استقبال کیا‘ انہوں نے کہا کہ ہندو یاتریوں کی سکیورٹی‘ رہائش‘ لنگر‘ سفری سہولیات سمیت تمام تر انتظامات مکمل ہیں‘ ہندو یاتری آج 10 دسمبر کو اسپیشل بسوں کے ذریعے کٹاس راج مندر جائیں گے جہاں پر مرکزی تقریب کل 11 دسمبر کو منعقد ہو گی‘ واہگہ بارڈر پر بھارت سے آئے یاتریوں نے پاکستان پہنچنے پر خوشی کا اظہار کیا اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں