تحریک انصاف کی حکومت نے کفایت شعاری اور بچت کی نئی مثالیں قائم کی ہیں‘ عثمان بزدار

وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار سے وزیراعظم کے مشیر برائے ادارہ جاتی اصلاحات و کفایت شعاری ڈاکٹر عشرت حسین کی ملاقات

ہفتہ 15 دسمبر 2018 22:20

لاہور۔15 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 دسمبر2018ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں وزیراعظم کے مشیر برائے ادارہ جاتی اصلاحات و کفایت شعاری ڈاکٹر عشرت حسین نے ملاقات کی ،جس میں محکموں اور اداروں میں اصلاحات ، تعمیر نو، بچت اور کفایت شعاری کے حوالے سے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعلیٰ سردارعثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کے ایجنڈے کے مطابق صوبائی محکموں او رادارو ں میں اصلاحات کیلئے دو ٹاسک فورس قائم کر دی گئی ہیں۔

عوام کی فلاح و بہبودکے لئے ادارہ جاتی اصلاحات پر تیزی سے عمل کیا جائے گاجس سے اداروں اور محکموں کی کارکردگی میں بہتری آئے گی۔انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف کی حکومت نے کفایت شعاری اور بچت کی نئی مثالیں قائم کی ہیں اورہر سطح پر کفایت شعاری کو فروغ دیا جا رہاہے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ آفس سمیت دیگر محکموں کے غیر ضروری اخراجات میں خاطر خواہ کمی کی گئی ہے۔

وزیراعظم کے مشیر برائے ادارہ جاتی اصلاحات و کفایت شعاری ڈاکٹر عشرت حسین نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ ادارہ جاتی اصلاحات موجودہ وقت کا تقاضا ہے اوراصلاحات کے ذریعے محکموں اور اداروں کی استعداد کار میں اضافہ ممکن ہے۔ پرفارمنس مینجمنٹ پر خصوصی توجہ مرکوز کرنا ہوگی۔سیکرٹری خوراک ،پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ پنجاب او راعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں