سانحہ ساہیوال پر وزیراعلٰی پنجاب نے اجلاس طلب کر لیا

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا سانحہ کی تحقیقات کی خود نگرانی کرنے کا اعلان

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین اتوار 20 جنوری 2019 14:18

سانحہ ساہیوال پر وزیراعلٰی پنجاب نے اجلاس طلب کر لیا
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 جنوری 2019ء) : وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے سانحہ ساہیوال پر اہم اجلاس طلب کرتے ہوئے تحقیقات کی خود نگرانی کرنے کا اعلان کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ساہیوال واقعہ پراجلاس طلب کرلیا جس میں وزیرقانون، سیکرٹری داخلہ اور آئی پنجاب بھی شرکت کریں گے۔ اجلاس میں ساہیوال واقعے کے بعد پیدا ہونے والی سکیورٹی صورتحال پر غور کیا جائے گا اوروزیراعلیٰ کو واقعہ سے متعلق تحقیقات پرپیشرفت سے آگاہ کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کے اجلاس میں صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت، چیف سیکرٹری پنجاب، انسپکٹر جنرل پولیس اور متعلقہ ایجنسیوں کے اعلیٰ حکام شرکت کریں گے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ گذشتہ روز ساہیوال میں قادرآباد کے قریب پولیس کے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی )کی فائرنگ سے 40 سالہ خاتون اور 14سالہ بچی سمیت 4 افراد جاں بحق اور 3 بچے زخمی ہوئے۔

جاں بحق افراد میں 2 خواتین اور دو مرد شامل تھے۔ واقعہ کے بعد سی ٹی ڈی کے متنازعہ بیانات اور عینی شاہدین سمیت زخمی بچوں کے بیانات کی وجہ سے سی ٹی ڈی کی کارروائی کو مشکوک قرار دے کر تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی تشکیل دے دی گئی ۔وزیراعظم کی ہدایت پر وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار ساہیوال پہنچے جہاں انہوں نے زخمی بچوں کی عیادت کی۔ اس موقع پر انہوں نے بچوں کی کفالت کا ذمہ اُٹھانے کا اعلان بھی کیا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ہدایت پر مشکوک مقابلے میں ملوث سی ٹی ڈی کے اہلکاروں کو گذشتہ روز ہی پولیس نے اپنی تحویل میں لے لیا تھا۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ واقعہ میں ملوث افراد کو سخت سزا دے کر مثال قائم کریں گے۔ متاثرہ خاندان کو انصاف ضرور ملے گا اور کسی کےساتھ زیادتی نہیں کی جائے گی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں