نیب نے جنہیں عام انتخابات سے قبل پکڑا وہ عدالتوں سے رہا ہو رہے ہیں‘ پرویز رشید

جتنے روز بے گناہ جیل میں رہے اتنے ہی دن مقدمہ ثابت نہ کرنے والوں کو بھی جیل میں ڈالا جائے

ہفتہ 16 فروری 2019 21:33

نیب نے جنہیں عام انتخابات سے قبل پکڑا وہ عدالتوں سے رہا ہو رہے ہیں‘ پرویز رشید
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 فروری2019ء) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ نیب نے جنہیںعام انتخابات سے قبل پکڑا گیا وہ عدالتوں سے رہا ہو رہے ہیں، جتنے روز بے گناہ جیل میں رہے اتنے ہی دن مقدمہ ثابت نہ کرنے والوں کو بھی جیل میں ڈالا جائے ،نیب قوانین میں ترامیم کی جائیں ،پنجاب حکومت کی جانب سے نواز شریف کے علاج کے معاملے پر بد نیتی کا مظاہرہ کیا جارہا ہے ،خصوصی میڈیکل بورڈ نے امراض قلب کے ہسپتال میں داخل کرنے کی سفارشات دیں لیکن انہیں کبھی سروسز اور کبھی جناح ہسپتال منتقل کر دیا جاتا ہے ۔

رفیع پیر تھیٹر کی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ نیب کو سیاسی مقاصد کے لئے استعمال کیا جارہا ہے ،نیب آج بھی اسی ڈگر پر چل رہی ہے جس پرپرویز مشرف کے دور میں چل رہی تھی، نیب حوالات میں قید لوگوں کو وزارتوں کے حلف دلوائے گئے اور ان کی وفاداریاں خریدی گئیں ،نیب نے عام انتخابات سے قبل جن لوگوں کو گرفتار کیا گیا آج عدالتیں انہیں رہا کر رہی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ نواز شریف کے خلاف کیسز جس بر ق رفتاری سے چلائے گئے اس کی مثال نہیں ملتی ،ایک مقدمے میں عدالت نے نواز شریف کو بری کر دیا تو دوسرے مقدمے میں پھنسا دیا جبکہ اس کے برعکس پرویز مشرف کے خلاف کیسز سست روی کا شکار ہیں ،ہمارا مطالبہ ہے کہ پرویز مشرف کے خلاف کیس کو بھی منطقی انجام تک پہنچایا جائے ۔انہوںنے کہا کہ نواز شریف تین مرتبہ ملک کے وزیر اعظم رہے ہیں لیکن حکومت کی جانب سے ان کے علاج میں بد نیتی کا مظاہرہ کیا جارہاہے۔

چار میڈیکل بورڈز نے سفارش کی کہ انہیں دل کے ہسپتال میں علاج معالجے کی سہولیات دی جائیں لیکن انہیں کبھی سروسز اور کبھی جناح ہسپتال منتقل کر دیا جاتا ہے ۔پاکستان کے عوام اور کارکنان اپنے قائد محمد نواز شریف کی صحت کے حوالے سے تشویش میں مبتلا ہیں ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں