نیب کو بغیر ثبوت کسی کوگرفتار نہیں کرنا چاہیے، شفقت محمود

پرویزخٹک پر کوئی کیس بنتا نہیں ہے، اگر نیب کے پاس ثبوت ہیں تو عملدرآمد کرے، لیکن نیب کوبغیر ثبوت اور تحقیقات کسی کی پگڑی نہیں اچھالنی چاہیے۔ وفاقی وزیرتعلیم شفقت محمود کی گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 21 مئی 2019 21:28

نیب کو بغیر ثبوت کسی کوگرفتار نہیں کرنا چاہیے، شفقت محمود
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔21 مئی 2019ء) وفاقی وزیرتعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ نیب کو بغیر ثبوت کسی کوگرفتار نہیں کرنا چاہیے، پرویزخٹک پر کوئی کیس بنتا نہیں ہے ، اگر نیب کے پاس ثبوت ہیں تو عملدرآمد کرے،لیکن نیب کوبغیر ثبوت اور تحقیقات کسی کی پگڑی نہیں اچھالنی چاہیے۔انہوں نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین نیب کو چاہیے نیب قوانین پر عملدرآمد کروانا چاہیے، نیب کو چاہیے کسی کو بھی وہ حکومت کا ہو، یا اپوزیشن کا فرد ہو، کسی کو بھی بغیر ثبوت گرفتار نہیں کرنا چاہیے ۔

نیب کو چاہیے پہلے تحقیقات کرے پھر گرفتاری عمل میں لائے۔اس طرح کسی کی بھی پگڑی نہیں اچھالنی چاہیے۔انہوں نے تحریک انصاف کبھی نہیں کہے گی کہ احتساب کا عمل رک جائے۔ انسداد کرپشن ہماری اولین ترجیح ہے۔

(جاری ہے)

عمران خان کی پوری سیاسی جدوجہد ہی کرپشن کیخلاف ہے۔انہوں نے کہا کہ علم خان کو گرفتار کرلیا، لیکن ا ن کیخلاف کوئی ثبوت نہیں نکلا۔ اسی طرح باقی بھی ہیں، شفقت محمود نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور ن لیگ نے ملکر موجود چیئرمین نیب کو تعینات کیا، اسی طرح ان کے پاس جب اختیار تھا توانہوں نے کوئی نیب کے قانون میں ایک فل سٹاپ بھی تبدیل نہیں کیا۔

انہوں نے بتایا کہ حکومت کی طرف سے فی الحال نیب قانون میں تبدیلی کیلئے کوئی تحریک پیش نہیں کی گئی۔ شفقت محمود نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ بیرون ملک سے کرپشن کے پیسے واپس لانا مجھے توپہلے ہی مشکل کام لگتا تھا۔ کیونکہ بیرون ملک جو بینک پیسے دبا کربیٹھے ہیں وہ بھی خواہش مند نہیں ہوتے کہ پیسا واپس کردیں۔بہت سارے ممالک نے قوانین ایسے بنائے ہیں کہ پیسا نکالنا بہت مشکل ہے۔انہوں نے کہا کہ مغربی طاقتوں کا دوغلا پن نظر آتا ہے کہ کرپشن کیخلاف بات کرتے ہیں لیکن پیسا دبا کررکھتے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں