وزیراعلیٰ کی پنجاب سوشل سکیورٹی مینجمنٹ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرزکے اراکین کی تعیناتی کا عمل جلد مکمل کرنے کی ہدایت

قواعد و ضوابط اورقانونی طریقہ کار کے تحت بورڈ آ ف ڈائریکٹرز کی ازسرنوتشکیل کی جائے ،عثمان بزدار

جمعرات 23 مئی 2019 22:09

وزیراعلیٰ کی پنجاب سوشل سکیورٹی مینجمنٹ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرزکے اراکین کی تعیناتی کا عمل جلد مکمل کرنے کی ہدایت
لاہور۔23 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2019ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت آ ج وزیراعلی آفس میں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا،جس میں پنجاب سوشل سکیورٹی مینجمنٹ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی ازسر نو تشکیل اور دیگر امور کا جائزہ لیا گیا۔وزیراعلیٰ نے پنجاب سوشل سکیورٹی مینجمنٹ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرزکے اراکین کی تعیناتی کا عمل جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ قواعد و ضوابط اورقانونی طریقہ کار کے تحت بورڈ آ ف ڈائریکٹرز کی ازسرنوتشکیل کی جائے۔

وزیراعلیٰ نے سوشل سکیورٹی ہسپتالوں کوپرائیویٹ مریضوں کیلئے اوپن نہ کرنے پر برہمی کا اظہارکیااور فیصلے پر عملدرآمد میں تاخیر پر متعلقہ حکام کی سرزنش کی۔وزیراعلی عثمان بزدار نے کہاکہ فیصلہ ہونے کے باوجوداس پر من وعن عملدرآمد نہ ہونا متعلقہ حکام کی لاپرواہی اورکوتاہی ہے۔

(جاری ہے)

جو فیصلے کیے گئے ہیں مجھے ان پر مکمل عملدرآمد چاہیے۔

اب فیصلو ں پر عملدرآمد نہ ہوا تو متعلقہ حکام کے خلاف کارروائی ہوگی۔انہوں نے کہاکہ عام آدمی کوسہولت دینے کیلئے کیے گئے فیصلوں پر عملدرآمد کرنا متعلقہ حکام کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہاکہ سوشل سکیورٹی کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی میں بھی دیگر مریضوں کو طبی سہولتیں مہیا کی جائیں اور سوشل سکیورٹی کے ہسپتالوں میں پرائیویٹ مریضوں کوبھی علاج معالجے کی سہولت فراہم کی جائے۔

اس اقدام سے دیگر ہسپتالوں پر مریضوں کا بوجھ کم ہوگاکیونکہ ہمارا مقصد مریضوں کو بروقت معیاری طبی سہولتیں فراہم کرنا ہے۔وزیراعلی کو بریفنگ کے دوران بتایا گیاکہ سوشل سکیورٹی کے تین ہسپتالوں میں پرائیویٹ مریضوں کو طبی سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں اوربہت جلد دیگر ہسپتالوں میں بھی یہ سہولت فراہم کردی جائے گی۔صوبائی وزرائ محمد بشارت راجہ،چوہدری ظہیرالدین، انصرمجید خان نیازی،ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ،سیکرٹری لیبر،پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ پنجاب،پنجاب ایمپلائز سوشل سیکورٹی انسٹی ٹیوٹ کے حکام اور متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں