/ ِ پی ٹی آئی نے سبز باغ دکھا کر اور تبدیلی کے نعرے لگا کر ایک بار ملک پر ظلم و جبر کا وہی نظام مسلط کردیاہے ، راشد نسیم

اتوار 21 جولائی 2019 21:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 جولائی2019ء) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان راشد نسیم نے کہاہے کہ پی ٹی آئی نے سبز باغ دکھا کر اور تبدیلی کے نعرے لگا کر ایک بار ملک پر ظلم و جبر کا وہی نظام مسلط کردیاہے جو سابقہ حکومتوں کے دور میں تھا ۔ بلند و بانگ دعوئوں کے ساتھ اقتدار میں آنے والوں نے عوام کو مایوسیوں اور محرومیوں کا شکار کیا ۔

ملک کی تقدیر صرف اللہ کا نظام ہی بدل سکتاہے ۔ اب قوم کو متحد ہو کر اللہ کی رسی ، قرآن کو پکڑ لینا چاہیے تاکہ آئندہ کوئی طالع آزما ان کی تمنائوں اور آرزوئوں کا خون نہ کرسکے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کااظہار انہوں نے منصورہ میں جماعت اسلامی لاہور کی دو روزہ لیڈر شپ ٹریننگ ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ راشد نسیم نے کہاکہ قوم نے بار بار مختلف سیاسی جماعتوں کو آزمایا اور انہیں اقتدار کے ایوانوں میں پہنچایا مگر ان حکمران پارٹیوں نے عوام کے خوابوں کو چکناچور کیا ۔

عوام آج مہنگائی ، بے روزگاری اور آئی ایم ایف کے تسلط میں دبے ہوئے ہیں اور کوئی ان کی فریاد سننے والا نہیں ۔ انہوںنے کہاکہ موجودہ حالات میں صرف قرآن و سنت کا آفا قی نظام ہی ہمارے مسائل کا حل ہے ۔ قوم ملک میں نظام مصطفیؐ کے نفاذ کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں