مولانا فضل الرحمن مذاکرات کے دروازے بند نہ کریں‘ شیخ رشید

پہلے جہاں کشمیر کی بات ہورہی تھی اب مولانا کی بات ہورہی ہے، ان سے کہوں گا یہ وقت احتجاج کا نہیں ہے پاکستان واحد ملک ہے جہاں پسنجر ٹرین نفع میں چل رہی ہے فریٹ سیکٹر بھی نفع میں آگیا، پانچ سال کا ٹارگٹ ایک سال میں پورا کرلیاہے‘میڈیاسے گفتگو

جمعہ 18 اکتوبر 2019 18:10

مولانا فضل الرحمن مذاکرات کے دروازے بند نہ کریں‘ شیخ رشید
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2019ء) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمن مذاکرات کے دروازے بند نہ کریں،وہ پہلے بھی استعمال ہوتے رہے ہیں، مولانا بتائیں کہ حکومت نے کہاں غلطی کی ہے،پاکستان دنیاکا واحد ملک ہے جہاں پسنجر ٹرین نفع میں چل رہی ہے اور اب فریٹ سیکٹر بھی نفع میں آگیاہے یہ میرا پانچ سال کا ٹارگٹ تھا جو میں نے ایک سال میں پورا کرلیاہے۔

ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے رائیونڈ ریلوے اسٹیشن کے افتتاح کے موقع پر صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ رائیونڈ میں سالانہ تبلیغی اجتماع کے پیشِ نظراس ریلوے اسٹیشن کو کھول دیاگیاہے۔ رائیونڈ ریلوے اسٹیشن کو ساڑھے پچیس کروڑروپے کی لا گت سے تیار کیاگیاہے۔

(جاری ہے)

اس ریلوے اسٹیشن میں ایک ویٹنگ ہال جس میں 50 لوگوں کے بیٹھنے کی گنجائش ہے، 16واش رومز، ایک عددمسجد، تین کرنٹ بکنگ آفسز، 300موٹرسائیکلوں سمیت 100 کاروں کی پارکنگ کی گنجائش ہے۔

یہ اسٹیشن روزانہ پانچ لاکھ روپے انکم دیتاہے اور اجتماع کے دِنوں میں 10 سے 15 لاکھ لوگوں کی روزانہ آمدورفت متوقع ہوگی ۔وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ اجتماع کے دوران گرین لائن، جناح ایکسپریس سمیت تمام ٹرینیں رائیونڈ ریلوے اسٹیشن پر سٹاپ کریں گی۔ 28اکتوبر سے لے کر 15 اکتوبر تک تمام ٹرینیں رائیونڈ ریلوے اسٹیشن پر سٹاپ کریں گی۔

اس کے علاہ اجتماع کے لیے چار سپیشل ٹرینیں بھی چلا رہے ہیں۔ فیصل آباد سے جانے والی ٹرینیں بھی اجتماع کے دِنوں میں براستہ رائیونڈ کراچی جائیں گی۔ تبلیغی اجتماع کے شرکاوہ لوگ ہیں جن کی کوششوں سے اسلام اور مدرسے قائم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ایک سال میں ایم ایل ون کا پی سی ون مکمل کرلیاہے اور اس کا سارا کریڈٹ ریلوے افسروں اور مزدوروں کو جاتاہے۔

ایم ایل ون بننے سے ریلوے کے سارے کراسزاور انڈرپاسز ختم ہوجائیں گے ہم نے فریٹ سیکٹر میں بھی اپنا ٹارگٹ پورا کرلیاہے اورہم فریٹ ٹرینوں کی تعداد کو سات ، آٹھ سے بڑھا کر 16 تک لے گئے ہیں۔ انہوں نے پسنجر سیکٹر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے پسنجرکی 38 نئی ٹرینیں چلائی ہیںاس وقت پسنجر کی کل 138 ٹرینیں ہیں اگر پسنجر کوچز مل گئیں تو ان کی تعداد بھی 150 تک لے جاں گا۔

انہوں نے فریٹ ٹرینوں کی تعداد کوبڑھانے کے حوالے سے کہا کہ کوشش کروںگا کہ فریٹ کی بھی 20 ٹرینیں کردوں۔ وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ اللہ کے حکم سے ریلوے کا خسارہ ختم کروں گا۔ ایم ایل ون کے مکمل ہونے پر ٹرین کی رفتار 160کلومیٹر فی گھنٹہ ہوجائے گی اس سے ملک کی ترقی اور اکانومی میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ لاہور سے کراچی کا فاصلہ 10 گھنٹے میں طے ہوگااس کا کریڈٹ ریلوے مزدوروں کو جاتاہے۔

ملازمتوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلویز نے کہا کہ ریلوے ملازمتوں پر40 فیصد کوٹہ ریلوے مزدور کے بچوں کاہوتاہے ، 10فیصد ریٹائرڈملازمین ، 10فیصد معذور افراد اور 5 فیصد اقلیتوں کا کوٹہ ہوتاہے۔انہوںنے کہاکہ مولانا فضل الرحمن مذاکرات کے دروازے بند نہ کریں،مذاکرات کے دروازے بند ہوتے ہیں تو حادثات ہوتے ہیں، ہماری طرف سے دروازے کھلے ہیں، مولانا فضل الرحمن سے گزارش ہے کہ مذاکرات کے دروازے بند نہ کریں، وہ پہلے بھی استعمال ہوتے رہے ہیں، مولانا بتائیں کہ حکومت نے کہاں غلطی کی ہے۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ پہلے 24 گھنٹے جہاں کشمیر کی بات ہورہی تھی اب مولانا کی بات ہورہی ہے، ان سے کہوں گا یہ وقت احتجاج کا نہیں ہے۔شیخ رشید نے مزید کہا کہ فواد چوہدری سے متعلق کسی بات کا جواب نہیں دینا چاہتا، رائیونڈ میں تبلیغی اجتماع کی وجہ سے ریلوے اسٹیشن کا فوری افتتاح کیا ہے، اجتماع میں خود بھی تشریف لائوں گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں