فلائٹ کے ساتھ لے جانے کے لیے سامان کم کرنے کا خاتون کا انوکھا اقدام

ڈھائی کلو کپڑے خود پہن کر سامان کا وزن کم کر کے جہاز کے عملے کی پریشانی ختم کردی

Sajjad Qadir سجاد قادر ہفتہ 19 اکتوبر 2019 06:50

فلائٹ کے ساتھ لے جانے کے لیے سامان کم کرنے کا خاتون کا انوکھا اقدام
ویب نیوز ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 اکتوبر2019ء)   ہوائی سفر کا مزا تو بہت آتا ہے مگر جب لگیج کا وزن یادہ ہونے کی صورت میں اضافی پیسے مانگے جاتے ہیں تو سارا مزا کرکرا ہو جاتا ہے۔دنیا بھر میں اکثر مسافروں اور عملے کو آپس میں بحث کرتے کئی بار دیکھا گیا ہے کہ وزن کم کرنے کے چکر میں کیا کچھ کررہے ہوتے ہیں۔ تاہم کئی بار بڑے دلچسپ مناطر بھی دیکھنے کوملتے ہیں۔

مسافر اکثر اس خرچے یا جرمانے سے بچنے کے لیے نت نئے طریقے ڈھونڈتے رہتے ہیں اور ان میں سے ایک گیل روڈریگیوز نامی خاتون بھی ہیں۔انہوں نے اس طرح کے جرمانے سے بچنے کے لیے انتہائی پرمزاح مگر ایک عملی حل دریافت کیا اور انٹرنیٹ کی دنیا پر وائرل ہوگئیں۔دی انڈیپنڈنٹ کی رپورٹ کے مطابق فلپائن سے تعلق رکھنے والی گیل روڈریگیوز ائیرپورٹ پر چیک ان کاﺅنٹر پر پہنچی تو انہیں بتایا گیا کہ ان کے دستی سامان کا وزن طے شدہ حد سے زیادہ ہے۔

(جاری ہے)

مگر وہ خاتون اضافی خرچہ کرنے کے لیے تیار نہیں تھی اور سامان کا وزن کم کرنے کے لیے انہوں نے ایسا کام کیا جو اب دنیا بھر میں بحث کا موضوع بنا ہوا ہے۔درحقیقت گیل نے سامان سے ڈھائی کلو گرام وزن کے کپڑے نکال کر اپنے جسم پر چڑھا لیے اور اس طرح دستی سامان کا وزن کم کردیا۔انہوں نے اپنی ایک تصویر فیس بک پر شیئر کی جس میں وہ متعدد کپڑے پہنے ہوئے کھڑی ہیں اور جب سے انٹرنیٹ پر وائرل ہے۔

اب تک اس پوسٹ کو 20 ہزار سے زائد بار شیئر کیا جاچکا ہے جبکہ ہزاروں لائیکس اور سیکڑوں کمنٹس الگ ہیں۔انہوں نے پوسٹ میں لکھا 'جب چیک ان کاﺅنٹر پر عملے نے کہا کہ دستی سامان کا وزن 7 کلوگرام کی حد سے زیادہ ہے، تو میں نے کہا کوئی مسئلہ نہیں، 9 کلو گرام سے ساڑھے 6 کلوگرام وزن'۔فیس بک پوسٹ پر متعدد افراد نے اسے بہترین اور جنیئس قرار دیا تاہم جب گیل سے ایک انٹرویو کے دوران پوچھا گیا کہ وہ دوبارہ ایسا کریں گی ؟ تو ان کا جواب تھا 'شاید نہیں، کیونکہ بہت زیادہ گرمی لگ رہی تھی، میں دیگر افراد کو اس کا مشورہ نہیں دے سکتی'۔تاہم اس ایک تصویر نے خاتون کو سوشل میڈیا کی دنیا میں خوب مشہور کر دیا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں