فیصل آباد پولیس کی طلال چودھری کے واقعے سے متعلق ابتدائی رپورٹ جاری

طلال چودھری اور خاتون لیگی رکن قومی اسمبلی کے درمیان معمولی تلخ کلامی ہوئی، دونوں کے درمیان صلح ہوگئی ہے، دونوں رہنماؤں نے قانونی کاروائی کرنے سے انکار کردیا ہے۔ فیصل آباد پولیس کی ابتدائی رپورٹ کا متن

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 26 ستمبر 2020 19:52

فیصل آباد پولیس کی طلال چودھری کے واقعے سے متعلق ابتدائی رپورٹ جاری
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 ستمبر2020ء) فیصل آباد پولیس نے ن لیگی رہنماء طلال چودھری واقعے کی ابتدائی رپورٹ جاری کردی، پولیس کا کہنا ہے کہ طلال چودھری اور خاتون لیگی رکن قومی اسمبلی کے درمیان معمولی تلخ کلامی ہوئی، دونوں کے درمیان صلح ہوگئی ہے، دونوں رہنماؤں نے قانونی کاروائی کرنے سے انکار کردیا ہے۔تفصیلات کے مطابق فیصل آباد پولیس نے ن لیگی رہنماء طلال چودھری اور خاتون لیگی رکن قومی اسمبلی کے درمیان تلخ کلامی کے واقعے سے متعلق ابتدائی رپورٹ جاری کی ہے۔

جس میں بتایا گیا کہ طلال چودھری نے3 بج کر 10 منٹ پر 15 پر کال کی۔ خاتون لیگی ایم این اے نے3 بج کر15 منٹ پر کال کی۔ خاتون لیگی رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ کینال روڈ پر 3،4 چور پھر رہے ہیں۔ لیگی خاتون رہنماء کی کال پر جب پولیس موقع پر پہنچی تو پتا چلا کہ کوئی واردات نہیں ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

طلال چودھری اور خاتون لیگی رکن قومی اسمبلی کے درمیان معمولی تلخ کلامی ہوئی۔

ن لیگ کے سیاسی ارکان نے طلال چودھری اور خاتون لیگی رکن قومی اسمبلی کے درمیان صلح کروا دی ہے۔ دونوں ن لیگی رہنماؤں نے قانونی کاروائی کرنے سے انکار کردیا ہے۔ مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماء اور سابق وزیرمملکت طلال چودھری نے اپنے بیان میں کہا کہ مجھ سے متعلق میڈیا پر چلنے والی خبریں حقائق پر مبنی نہیں۔ واقعے کا کسی خاتون رکن قومی اسمبلی سے کوئی تعلق نہیں۔

سب ماؤں، بہنوں ، بیٹیوں کی عزت اور وقار کا خیال رکھا جائے۔ واقعے سے متعلق تفصیلی بیان جاری کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا سے درخواست ہے کہ میرے مئوقف کا انتظار کرے۔ ایسی خبر نہ دی جائے جس سے غلط فہمیاں اور رنجشیں پیدا ہوں۔ طلال چودھری نے کہا کہ بعض حکومتی شرپسندوں کا واقعہ کو سیاسی رنگ دینا قابل مذمت ہے۔ دریں اثناں خاتون ایم این اے کے بھائی کا کہنا ہے کہ طلال چودھری سے کوئی لڑائی نہیں ہوئی۔

طلال سے بھائی جیسا تعلق ہے۔ ان پر تشدد کی مذمت کی ہے۔واضح رہے مسلم لیگ (ن) کے رہنماء طلال چودھری زخمی حالت میں لاہور کے نجی ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔ ان کے بھائی بلال چودھری کا کہنا ہے کہ کنال روڈ پر نا معلوم افراد نے ان پر حملہ کیا اور انہیں معمولی چوٹیں آئی ہیں ۔ قبل ازیں ان کے گھر والوں کے حوالے سے یہ خبریں بھی سامنے آئیں کہ طلال چودھری گھر میں گرنے سے زخمی ہوئے اور ان کے کندھے پر شدید چوٹیں آئی ہیں۔

یہ خبریں بھی گردش کر رہی ہیں کہ طلال چودھری پر مبینہ طور پر مسلم لیگ (ن) کی ایک خاتون رکن قومی اسمبلی کے بھائیوں نے تشدد کیا جس کے بعد انہیں شدید زخمی حالت میںنجی ہسپتال میں داخل کرایا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ طلال چودھری کی مختلف جگہ سے ہڈیاں بھی فریکچر ہوئی ہیں۔ اسی طرح واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آئی ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں