وزیراعظم نے آگے بڑھنے کے لئے زرعی شعبے کی ترقی ناگزیر قرار دی : ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان

عوام اور کسان کو ریلیف دینے کی پالیسی میں حائل تمام قوانین اور رکاوٹوں کو ختم کرنے کا حکم دے دیا گیا صوبائی وزراء نے زراعت اور دیگر شعبوں کے بارے وزیراعظم کو گزشتہ ڈھائی سال کی کارکردگی سے آگاہ کیا ن لیگ گزشتہ 35سالوں سے ایسے قبضہ گروپوں کی سرپرستی کر رہی ہے جن کی گھٹی میں کرپشن شامل ہے،میڈیا بریفنگ

جمعہ 15 جنوری 2021 23:43

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 جنوری2021ء) وزیراعظم پاکستان عمران خان نے آگے بڑھنے کے لئے زرعی شعبے میں ترقی ناگزیر قرار دیتے ہوئے عوام اور کسان کو ریلیف دینے کی پالیسی میں حائل تمام قوانین اور رکاوٹوں کو ختم کرنے کا حکم دیا ہے۔ پنجاب جو ماضی میں پورے ملک کی 70فیصد غذائی ضروریات پوری کرتا تھا اب جدید ٹیکنالوجی، بہتربیج، پانی اور زرعی مشینری کے فقدان کی وجہ سے زراعت کے شعبے میں پیچھے رہ گیا ہے۔

تاہم وزیراعظم نے ملکی ترقی کے لئے اس شعبے میں پیش رفت اپنی اولین ترجیح قرار دی ہے۔ یہ بات معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ایوان وزیراعلیٰ میں وزیراعظم عمران خان کے دورہ لاہور کے حوالے سے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتائی۔

(جاری ہے)

ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے کہا کہ صوبائی وزراء نے زراعت اور زراعت سے جڑے دیگر شعبوں کے بارے میں وزیراعظم کو گزشتہ ڈھائی سال کی کارکردگی اور اقدامات سے آگاہ کیا۔

وزیراعظم نے اگلے ڈھائی سال کے لئے ترقی کے اہداف ٹائم لائن کے ساتھ و زراء کے سپرد کئے۔ ان اقدامات کا مقصد دیہی معیشت کی ترقی اور شہری و دیہاتی معیار زندگی کو ایک سطح پر لانا ہے۔ وزیراعظم نے زرعی پیداوار کو تین گنا بڑھانے کے لئے جنگی بنیادوں پر اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔ پنجاب میں محکمہ زراعت کے ایک لاکھ سے زیادہ ملازموں کو تربیت اور کپیسٹی بلڈنگ کے ذریعے پہلے سے زیادہ کارگر اور مفید بنایا جائے گا۔

محکمہ زراعت کی طرف سے کسان، اداروں، حکومت اور عوام پر مشتمل چار سٹیک ہولڈرز کا زرعی ترقی کا فارمولا پیش کیا گیا۔ جسے وزیراعظم نے سراہا۔ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم نے ذخیرہ اندوزوں، ناجائز منافع خوروں اور ملاوٹ کرنے والوں کے گٹھ جوڑ سے عوام کو بچانے کے لئے وزیراعلیٰ پنجاب کوموثر اقدامات اٹھانے کی تاکید کی۔ وزیراعلیٰ نے بتایا کہ پنجاب میں گندم کے وافر ذخائر موجود ہیں اور چینی کی مصنوعی قلت پیدا کر کے قیمت بڑھانے والے تاجروں کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے۔

وزیراعظم نے پنجاب بالخصوص لاہور سے قبضہ مافیا اور بھتہ خوروں کا صفایا کرنے پر چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب کی کاوشوں کو سراہا۔معاون خصوصی نے کہا کہ موجودہ حکومت کے موثر اقدامات کی وجہ سے صنعت کا پہیہ رواں دواں ہو گیا ہے۔ حکومت نے Inspectionless Regimeکا اقدام شروع کر کے لیبر انسپکٹروں کی جیبوں کی بجائے قومی خزانہ بھرنے کا انتظام کیا ہے۔

اب دنیا بھر کی منڈیوں میں پاکستانی مصنوعات کو پذیرائی مل رہی ہے۔ صوبہ پنجاب ان تمام شعبوں میں ہراول دستے کا کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے اجلاس کی بھی صدارت کی اور راوی کے پار آباد ہونے والے مجوزہ نئے شہر کی تیاریوں کے حوالے سے ہدایات جاری کیں۔ وزیراعظم نے گوجرانوالہ شیخوپورہ روڈ کی تعمیر کا بھی افتتاح کیا۔

ایک سوال کے جواب میں معاون خصوصی نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر تنقید کرنے سے پہلے مریم نواز قطر سے آنے والی پٹرولیم مصنوعات اور قومی خزانہ ہڑپ کر جانے کے معاملات کا بھی حساب دیں۔ ظل سبحانی نے قومی خزانہ اس طرح چوس لیا کہ اب وہاں سے عوام کو ریلیف دینے کی گنجائش مشکل ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعلق بین الاقوامی منڈی میں قیمتوں کے اتار چڑھائو سے ہے۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ن لیگ گزشتہ 35سالوں سے ایسے قبضہ گروپوں کی سرپرستی کر رہی ہے جن کی گھٹی میں کرپشن شامل ہے۔ تاہم موجودہ حکومت ایسے تمام قبضہ گروپوں کے نیٹ ورکس کو توڑ کر تبدیلی کی راہ ہموار کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کے قائدین کو عوام سے کوئی ہمدردری نہیں۔اقتدار سے محرومی کا مرض جس کا انہیں سامنا ہے کاواحد علاج عدالتیں ہیں

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں